29 جنوری ، 2024
ایران کے وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان پاکستان کے دورے پر اپنے شیڈول کے مطابق اتوار کی شب خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد پہنچ گئے، نورخان ائیربیس پر ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ نے ان کا استقبال کیا۔
دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق ایرانی وزیرخارجہ امیرعبداللہیان نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے ملاقات کریں گے جبکہ اپنے دورے کے دوران وہ وزارت خارجہ کے حکام کے علاوہ سکیورٹی حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
پاک ایران تعلقات میں بہتری کیلئے ایرانی وزیر خارجہ اپنے پاکستانی ہم منصب جلیل عباس جیلانی سے بھی ملاقات کریں گے، ملاقات میں مختلف اموررپرتفصیلی تبادلہ خیا ل کیا جائے گا۔
اس دورے کے دوران اسلام آباد میں دونوں فریقین حالیہ کشیدگی کو کم کرنے کی کوشش اور دہشتگردی کے خلاف جنگ اور دوطرفہ امور پر بات چیت کریں گے۔
پاکستان روانگی سے قبل ایران کے وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان کا کہنا تھا کہ ہم دشمنوں کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ خطے میں دوستی ’امن اور سکیورٹی کو ہدف بنائیں‘ اچھی ہمسائیگی کے ذریعے ہی سلامتی کا حصول ممکن ہے۔
تہران ائیرپورٹ پر ایران میں پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو اور ایرانی حکام نے وزیر خارجہ کو الوداع کیا۔