پاکستان
Time 29 جنوری ، 2024

کراچی اصل کی طرف لوٹ رہا ہے، پی پی اور ایم کیو ایم کا دور نہیں آئے گا: جماعت اسلامی

فوٹو: جماعت اسلامی/ایکس
فوٹو: جماعت اسلامی/ایکس

جماعت اسلامی کے تحت کراچی کے باغ جناح میں منعقدہ ’اعلان کراچی‘ جلسے میں  رہنماؤں کا کہنا تھا کہ شہر اپنے اصل کی طرف لوٹ رہا ہے، عوام نے 8 فروری سے قبل اپنا ریفرنڈم دے دیا ہے۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا شہزادہ بلاول کہتے ہیں میرے والد صدر، والدہ اور نانا وزیراعظم تھے مجھے بھی وزیراعظم بنایا جائے، نواز شریف ووٹ کوعزت دو کے بیانیہ سے دستبردار ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم صنعت زرعی ترقی کاہوم ورک کررکھا ہے۔ اقتدار میں آکر ایک ایک پائی کاحساب لیں گے، 8 فروری کو ڈاکو راج کا خاتمہ ہوگا، جیسے گزشتہ برس واپس نہیں آسکتے ایسے ہی پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کا دور نہیں آئے گا۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملکی مسائل کی ذمہ دار وہی جماعتیں ہیں جنہوں نے 76 سال حکومت کی ہے، تینوں پارٹیوں نے وہی پرانا منشور پیش کیا ہے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن اقتدار کی ہوس میں مبتلا ہیں، انہوں نے بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں سے مہنگی بجلی کے معاہدے کیے، ہم اقتدار میں آ کر یہ معاہدے ختم کر دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ لینڈ مافیا، ڈرگ، آٹا، شوگر مافیا کا احتساب نہ عدالت کر سکتی ہے نہ نیب، ان ظالموں سے حساب کتاب جماعت اسلامی کرے گی۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کراچی کا مینڈیٹ بیچا گیا، مافیا بچوں کو پڑھنے نہیں دیتا، متحدہ نے تعلیم تہذیب اور میرٹ چھین لیا، پراجیکٹ بلاول کریش ہو چکا ہے جماعت اسلامی کا منشور امید اور مستقبل کا منشور ہے۔

جلسے سے خطاب میں نائب امیر جماعت اسلامی معراج الہدی اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ ترازو پر مہر لگا کر وڈیرہ شاہی کا خاتمہ کریں۔

مزید خبریں :