29 جنوری ، 2024
اڈیالا جیل میں سائفرکیس کی سماعت کے دوران شور شرابے پر جج نے کارروائی کچھ دیرکیلئے مؤخر کردی۔
راولپنڈی کی اڈیالا جیل میں سائفرکیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی نے غصے میں آ کر عدالت میں شور شرابہ کیا۔ جج نے معاملے کی سنگینی دیکھتے ہوئے کارروائی کچھ دیرکیلئے مؤخر کردی۔
وکلاء صفائی کی مسلسل غیر حاضری کے باعث بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو عدالت نے اسٹیٹ ڈیفینس کونسل فراہم کیے ہیں۔ گزشتہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود اسٹیٹ ڈیفینس کونسل پر عدم اعتماد کر چکے ہیں۔
کیس پر سماعت اب بھی جیل میں جاری ہے اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین سماعت کررہے ہیں۔
سائفر کیس کے اہم گواہ اعظم خان پر اسٹیٹ ڈیفنس کونسل نے جرح مکمل کر لی ہے جبکہ جرح کے دوران شاہ محمود قریشی نے اسٹیٹ ڈیفنس کونسلز پر اعتراض کیا۔
جج ابو الحسنات نے شاہ محمود کو وارننگ دی کہ آپ خاموشی سے بیٹھ جائیں ورنہ کمرہ عدالت سے باہر نکال دیا جائے گا۔
بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج پر عدم اعتماد کا اظہار کیا اور درخواست کی کہ عدالت سائفر کیس کو نہ سنے۔
عدالت نے سائفر کیس نہ سننے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کردی۔