Time 29 جنوری ، 2024
پاکستان

سوڈانی علاقے ایبی میں پاکستانی امن دستے کے قافلے پر حملہ، سپاہی محمد طارق شہید

اب تک 181 پاکستانیوں نے دنیا بھر میں امن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا: آئی ایس پی آر— فوٹو: آئی ایس پی آر
اب تک 181 پاکستانیوں نے دنیا بھر میں امن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا: آئی ایس پی آر— فوٹو: آئی ایس پی آر

سوڈان کے علاقے ایبی میں پاکستانی امن دستے کے قافلے پر حملے میں سپاہی محمد طارق شہید ہوگئے جبکہ دو اہلکاروں سمیت چار افراد بھی زخمی ہوئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق 28 جنوری کو عسکریت پسندوں نے پاکستانی امن دستہ کے قافلے پر سوڈان کے علاقے ایبی میں گھات لگا کرحملہ کیا۔

حملے کے وقت پاکستانی امن دستے کا قافلہ دو مقامی مریضوں کو اسپتال لے جارہا تھا۔

پاکستانی امن دستوں نے حملے کا مؤثر جواب دیا اور عسکریت پسندوں کو پسپائی پر مجبور کیا تاہم فائرنگ کے تبادلے میں بدین سندھ سے تعلق رکھنے والے سپاہی محمد طارق نے جام شہادت نوش کیا اور 2 اہلکاروں سمیت چار افراد بھی زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اب تک 181 پاکستانیوں نے دنیا بھر میں امن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، پاکستان کے امن دستے نے ہمیشہ اپنی پیشہ وارانہ مہارت اور فرض کی وجہ سے خود کو ممتاز ثابت کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایاکہ پاکستان عالمی برادری کے ایک ذمہ دار رکن کے طور پر اپنے کردار کے لیے پرعزم ہے، پاکستان اقوام متحدہ کی سرپرستی میں عالمی امن اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

مزید خبریں :