Time 30 جنوری ، 2024
دنیا

مقبوضہ مغربی کنارہ: اسرائیلی فوج کا طبی عملےکے بھیس میں اسپتال پر حملہ

اسرائیلی فوجی اہلکار ڈاکٹر، نرس اور عام شہریوں کے لباس میں اسپتال میں داخل ہوئے،فوٹو: اسکرین شاٹ/انٹرنیٹ
اسرائیلی فوجی اہلکار ڈاکٹر، نرس اور عام شہریوں کے لباس میں اسپتال میں داخل ہوئے،فوٹو: اسکرین شاٹ/انٹرنیٹ

اسرائیلی فوج کی غزہ کے ساتھ مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی جارحیت جاری ہے، صیہونی افواج نے اسپتال میں گھس کر 3 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔

رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج  نے مقبوضہ مغربی کنارے  میں جنین شہر کے ابن سینا اسپتال کا محاصرہ کیا اور  فائرنگ کرکے تین فلسطینیوں کو شہید کردیا۔

اسرائیلی فوجی اہلکار  ڈاکٹر، نرس اور عام شہریوں کے لباس میں اسپتال  میں داخل ہوئے، اسرائیلی فوج کی فائرنگ میں شہید  ہونے  والے دو  بھائی ہیں۔

اس کے علاوہ اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے متعدد شہروں  سے مزید 18 فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔

فلسطینی اسیران کلب کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے میں7 اکتوبر سے اب تک 6 ہزار 390 فلسطینی گرفتار کیے جاچکے ہیں۔

دوسری جانب فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سےغزہ پٹی میں نسل کشی کا سلسلہ جاری  ہے۔

 اسرائیلی فورسز کے حملوں میں مزید 114 فلسطینی شہید اور 249  زخمی ہوگئے۔

فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہےکہ غزہ پٹی پر7  اکتوبر سے جاری  اسرائیلی بمباری میں 26 ہزار  751 فلسطینی شہری شہیدہوئے جب کہ 65 ہزار 636  زخمی ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :