پاکستان
Time 31 جنوری ، 2024

کوئٹہ اورکیچ میں پی پی امیدواروں کےگھر اور دفتر پر دستی بم حملے، 5 افراد زخمی

فوٹو: ایکس
فوٹو: ایکس

بلوچستان میں کوئٹہ اور ضلع کیچ  میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے گھر اور انتخابی دفتر پر دستی بم حملےکیےگئے جن میں 5 افراد زخمی ہوگئے۔

 پولیس کے مطابق سریاب روڈگاہی خان چوک کے قریب پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی میر علی مد د جتک کے انتخابی دفتر  پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار دستی بم پھینک کر فرار  ہو گئے جس کے پھٹننے سے ا نتخابی دفتر کے باہر موجود 5 کارکن زخمی ہوئے جب کہ تین گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

واقعےکے بعد فوری طور  پر  ز خمیو ں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

 پولیس اور تفتیشی حکام نے موقع پر پہنچ کر فوری طور پر کرائم سین کو ٹیپ لگا کر ہر قسم کی آمد ورفت کے لیے بند کر دیا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما علی مدد جتک کا کہنا تھاکہ وہ اس وقت دفتر میں موجود تھے جب دھماکا ہوا اور وہ یہاں سے کسی کارنر میٹنگ میں شرکت کی تیاری کر رہے تھے۔

انہوں نے کہاکہ وہ کسی سے ڈرنے والے نہیں ہیں، ان کی جماعت کی لیڈر شپ نے قربانیاں دی ہیں وہ بھی انہی کے نقش کے قدم پر ہیں ۔

دوسری جانب ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں بھی پیپلز پارٹی کے امیدوار  ظہور بلیدی کے گھر پردستی بم حملہ کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر حسین جان کے مطابق دستی بم  ظہور بلیدی کےگھر کے اندر گر کر پھٹ گیا تاہم  کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ادھر ضلع سبی کے مین بازار میں دستی بم کا دھماکا ہوا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔

 پولیس کے مطابق سبی کے علاقے ریذیڈینسی روڈ پر ٹریفک پولیس کی چوکی پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے دستی بم پھینکا جس کے پھٹننے سے زوردار دھماکا ہوا اور  چوکی کو نقصان پہنچا تاہم معجزانہ طور پر کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

مزید خبریں :