نگران کابینہ نے جان بچانے والی146 ادویات کی قیمتیں بڑھانےکی منظوری دے دی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اسلام آباد:  وفاقی کابینہ نے 146 انتہائی ضروری جان بچانے والی ادویات کی قیمتیں بڑھانےکی منظوری دے دی۔

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زیرصدارت  ہونے والے نگران وفاقی کابینہ کے اجلاس  کے اعلامیےکے مطابق  146 انتہائی ضروری جان  بچانےوالی ادویات کی قیمتیں بڑھانے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں بریفنگ میں بتایا گیا کہ  ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) آن لائن پورٹل پر شہری مارکیٹ میں ادویات نہ ملنےکی شکایات درج کراسکتے ہیں۔

نگران وزیراعظم نےکہا کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی کارکردگی مزید بہتر بنانےکے لیے تجاویز  تیار کی جائیں، ادویات کی اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں۔

نگران وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ادویات کی قیمتوں کی ڈی ریگولیشن سےمتعلق ضروری قانون سازی کے لیے سفارشات بنائی جائیں۔

 ان کا کہنا تھا کہ حکومت عام آدمی کو  ادویات کی مناسب قیمت  پر  فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر  رہی ہے، حکومت ایسی پالیسیاں مرتب کر رہی ہے جس کا فائدہ عام آدمی کو بھی ہو اور  فارماسیوٹیکل کی صنعت بھی ترقی کرے۔

مزید خبریں :