Time 04 فروری ، 2024
انٹرٹینمنٹ

بہت سے لوگوں نے میسجز کیے کہ ’خئی‘ ہماری کہانی ہے: فیصل قریشی

جیو انٹرٹینمنٹ کے ڈرامہ سیریل خئی میں زمدہ کا کردار در فشاں سلیم جبکہ چنار خان کا کردار اداکار فیصل قریشی نبھا رہے ہیں ،اپنی منفرد کہانی، جاندار اسکرپٹ اور بہتر ہدایتکاری کی وجہ سے یہ ڈرامہ کافی پسند کیا جا رہا ہے ۔

ڈرامے میں بلندو بالا پہاڑ اور خوبصورت نظارے دیکھ کر ناظرین کے ذہن میں یہ سوال اٹھ رہے تھے کہ آخر ڈرامہ کہاں شوٹ کیا گیا ہے ؟

جیو ڈیجیٹل کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں اداکار فیصل قریشی نے بتایا کہ خئی کی شوٹ گلگت اور بلتستان کے علاقوں میں کی گئی ہے، ڈائریکٹر وجاہت حسین نے ایک اپنی ہی تخیلاتی دنیا بسائی ہے، یہی وجہ ہے کہ اس دنیا کا کلچر بالکل مختلف ہے۔ ہم نے کہیں بلوچی، کہیں پختون لباس زیب تن کیا ہے ۔ ڈرامے میں بہت سی جگہ پر آپ کو بلتستان کا ٹچ بھی محسوس ہوگا لیکن یہ ڈائریکٹر کے مختلف کلچرز کو سمیٹنے کی ایک کوشش ہے ، انہوں نے کمال ہدایت کاری کی ہے۔ایک شادی کے سین میں تین سو بندوقوں کا استعمال کیا گیا تھا،سین میں دلہن بنی زمدہ اور چنار خان کی گفتگو دکھائی گئی تھی۔

اداکار نے کہا کہ انہیں بہت سے لوگوں کے میسجز موصول ہوئے کہ ہم بھی اس طرح کی قبائلی دشمنی کا تجربہ رکھتے ہیں جہاں بڑوں کی دشمنی کی وجہ سے علاقے بھی چھوڑنے پڑے۔

انہوں نے کہا وہ نام تو نہیں لے سکتے لیکن بہت سے لوگوں نے انہیں بتایا ہے کہ یہ کہانی ان کی زندگی سے ملتی ہے اور ایسی دشمنی ہوتی ہے ،البتہ کچھ دوست ناراض ہوئے کہ ہم نے پٹھانوں کو اتنا ظالم یا دشمنی رکھنے والا کیوں دکھایا ہے ،ان لوگوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ اس کہانی میں کسی ذات یا برادری کو نشانہ نہیں بنایا گیا ہے ۔’خئی‘ ہماری ایک تخیلاتی دنیا ہے ۔

اداکار فیصل قریشی کا یہ دوسرا پشتو کردار ہے، اس سے قبل انہوں کافی عرصہ قبل ایک پشتو کردار کیا تھا۔

اپنے کردار پر گفتگو کرتے ہوئے اداکار نے کہا کہ خئی کا اسکرپٹ ملتے ہی جب اپنا کردار پڑھا تو بہت متاثر ہوا، اسکرپٹ بہت مضبوط اور جاندار تھا ۔جیسے جیسے کہانی آگے بڑھ رہی ہے دیکھنے والوں کا تجسس بڑھ رہا ہے کہ اب کیا ہونے والا ہے ؟ یہی کسی بھی اسکرپٹ کی کامیابی کی ضمانت ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جیو ٹی وی نے، پروڈیوسر عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی نے اس ڈرامے کے سلسلے میں رسک لیا ہے ،وہ شکر گزار ہیں کہ چیزیں کافی بہتر رہی ہیں اور ڈرامہ اپنی مختلف کہانی کی وجہ سے پسند کیا جارہا ہے۔

ٹی وی اسکرین سے غائب، بڑے پردے پر جلد انٹری!

اداکار فیصل قریشی نے بہت سے ہٹ ڈرامے اور مزیدار کردار ٹی وی اسکرین کو دیے ہیں، ان کے کردار بشر مومن، شیدا اور بوٹا سمیت دیگر بھی ناظرین کے پسندیدہ ہیں لیکن اب انہیں گرے کرداروں میں دیکھا جارہا ہے ، وہیں ڈرامہ اسکرین سے بھی وہ تھوڑے فاصلے پر دکھائی دے رہے ہیں ،آخر اس کی وجہ کیا ہے ؟

فیصل قریشی نے بتایا کہ’مجھ سے بہت سے دوست ناراض ہوگئے ہیں، اب تک میں 3 سے 4 اسکرپٹس کو منع کرچکا ہوں ۔اس کی وجہ ہے کہ کہانیاں جاندار نہیں آرہی ہیں ، میں سمجھتا ہوں کہ اگر میں خود اپنا کام انجوائے نہیں کر رہا تو دیکھنے والے کیسے کریں گے ۔یہی وجہ تھی جب خئی کا اسکرپٹ مجھے ملا تو اچھی تحریر کی وجہ سے میں منع نہیں کرسکا ، آج کل اچھے اسکرپٹ کا ملنا خوش نصیبی ہے‘۔

فیصل قریشی جلد ہی ڈائریکٹر ابو علیحہ کی پنجابی فلم مینگو جٹ میں اداکارہ حریم فاروق کے ساتھ مرکزی کردار ادا کریں گے جو کہ بڑی عید پر ریلیز کی جائے گی۔

اس کے علاوہ وہ ڈائریکٹر رافع راشدی کی ہارر فلم دیمک میں بھی کام کر رہے ہیں جس میں ان کے ہمراہ سونیا حسین ہیں ۔

مینگو جٹ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ جب ابو علیحہ نے فلم کا اسکرپٹ سنایا تو میں حیران ہی ہوگیا، بہت ہی کمال اسکرپٹ تھا اس میں ہمارے ساتھ پنجاب کے نامور اداکار ہیں ۔ابو علیحہ نے مجھے کہا تھا کہ مینگو جٹ کا کردار صرف آپ پر ہی جچتا ہے تو میں مینگو جٹ بننے پر راضی ہوگیا ،اس وقت بریک پر ہوں کیونکہ جو حلیہ میرا اس وقت ہے اس میں سے مینگو جٹ نکالنا ہے ،ہاں جو ہارر فلم ہے وہ بھی بہت مزے کی کہانی ہے آپ کو یہ فیملی کے گرد گھومتی دکھائی دے گی مگر جس خوبصورتی سے رافع راشدی نے اسے ڈائریکٹ کیا ہے ،دیکھنے والوں کو بہت مزہ آئے گا۔

اس سوال پر کہ عرصے سے آپ کو ڈانس نمبر میں نہیں دیکھا ناظرین کب دیکھیں گے؟اداکار نے مسکراتے ہوئے کہا کہ مینگو جٹ میں آپ مجھے ناچتا ہوا بھی دیکھیں گے اور آپ کو یہ کردار بالکل بور نہیں کرے گا۔

مزید خبریں :