04 فروری ، 2024
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹرز کے این او سی میں توسیع نہ دینے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کی جانب سے آئی ایل ٹی ٹوئنٹی اور بی پی ایل کے این او سی میں توسیع کی درخواستیں کی گئی تھیں، درخواستیں ملنےکے بعد پی سی بی نے معاملے کا جائزہ لیا جس کے بعد بورڈ نے این او سی میں مزید توسیع نہ دینے کا فیصلہ کیا ۔
کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کو پیغام دیا کہ جب تک این او سی ایشو ہوئے ان میں مزید توسیع نہیں دی گئی، زیادہ کھلاڑیوں کو 7 فروری تک کے این او سی جاری کیے گئے ہیں، توسیع نہ ملنے پر کھلاڑیوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ جو کھلاڑی قومی ٹیموں کا حصہ نہیں انہیں بھی واپس بلایا گیا ہے۔
ایک کھلاڑی کا کہنا ہے کہ جن کا ورک لوڈ مینجمنٹ مسئلہ نہیں انہیں مزید کھیلنے دیں، پی ایس ایل 17 فروری سے ہے، بیرون ملک لیگز میں اس وقت تک آخری میچز کھیلے جا سکتے ہیں، کچھ کھلاڑیوں کو 13 فروری تک این او سی دیا گیا۔
کھلاڑی نے مؤقف اپنایا کہ ایک کھلاڑی کو 16 فروری تک این او سی ملا ہوا ہے، پی سی بی کو یکساں پالیسی بنانی چاہیے، جو کھلاڑی قومی ٹیموں میں شامل نہیں انہیں تو کھیلنے دیں۔