04 فروری ، 2024
بھارت میں انتہائی افسوس ناک واقعہ پیش آیا جہاں محلے کی خاتون نے جھگڑے کے دوران 11 سالہ بچی کا گلا گھونٹ دیا۔
یہ واقعہ ریاست اتر پردیش کے شہر فیروز آباد کے قریب ایک گاؤں رائے پورہ میں پیش آیا، پولیس کے مطابق یہ خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ تلسی نامی بچی کی موت اس کی خاتون پڑوسی کی وجہ سے ہوئی۔
بتایا جارہا ہے کہ متاثرہ بچی کا رائے پورہ گاؤں میں پڑوسی کے ساتھ جھگڑے کے دوران گلا گھونٹ دیا گیا۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ سرویش کمار مشرا نے بتایا کہ تلسی کا پڑوس میں رہنے والے منیش نامی شخص کی بیوی روبی سے کسی بات پر جھگڑا ہوگیا، لڑائی کے دوران روبی نے تلسی کو اس کی گردن سے اتنی زور سے پکڑا کہ وہ بے ہوش ہو گئی۔
تلسی کے اہلخانہ اور پولیس نے لڑکی کو قریبی اسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
پولیس کے مطابق روبی کے خلاف مقدمہ درج کر کے خاتون کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔