06 فروری ، 2024
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو نے ان دنوں تمام تر توجہ اپنی جانب مرکوز کروائی ہوئی ہے جس میں ایک سکھ نماز پڑھتے شخص کے سر پر بارش کے دوران چھتری لیے کھڑا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ ویڈیو جموں کشمیر کی ہے جہاں جمعہ کے روز بارش اور ژالہ باری ہوئی جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص سڑک کنارے نماز پڑھ رہا تھا کہ بارش اور تیز اولے پڑنا شروع ہوگئے، اتنے میں ہی سکھ شخص فوراً چھتری لیے بھاگا اور جا کر نماز پڑھتے شخص کے اوپر چھتری کردی تاکہ وہ بارش اور اولوں سے پریشان نہ ہو۔
سکھ کے اس حسنِ اخلاق کی سوشل میڈیا صارفین نے خوب تعریف کی، بہت سے لوگوں نے اس ویڈیو پر محبت اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے پیغام کو اجاگر کیا اور ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ بھارت میں جہاں لوگوں کو مذہبی آزادی نہیں ہے، لوگ تعصب پسند ہیں، وہیں کچھ لوگ ایسے بھی ہیں۔
صارفین نے اس لمحے کو خوبصورت اور طاقتور قرار دیا کہ انسانیت اور حسنِ اخلاق سے اوپر کوئی چیز نہیں ہے۔