تین مرتبہ وزیراعظم رہنے والے نواز شریف جن کے چوتھی بار منتخب ہونے کے حوالے سے ان کے چاہنے والوں کی بڑی تعداد انتہائی پراعتماد ہے
07 فروری ، 2024
اسلام آباد : 8 فروری کو آپ نے اپنوں کو ووٹ ڈالنا ہے، یقیناً آپ ان کے بارے میں بہت کچھ جانتے ہیں اور حالیہ دنوں میں تو بہت کچھ اچھی طرح جان لیا ہوگا۔
کامیابی کی صورت میں وہ اپنے ملک اور عوام کیلئے کیا کیا کریں گے اور اس سے زیادہ بھی کچھ غیر سیاسی باتیں آپ کے علم میں آچکی ہوں گی لیکن ہم آپ کو کچھ اور بتانا چاہ رہے ہیں وہ کچھ جو شاید بلکہ یقیناً کم ہی لوگوں کے علم میں ہوگا۔
کچھ پسندیدہ اور کچھ شاید ناپسندیدہ بھی مثلاً اپنے عشق کے بارے میں، پسندیدہ گلوکار، خوشبو، فلم، کھیل، آئیڈیل، کس نے بے وفائی کی، لومیرج کے حوالے سے اور ان کی ذات سے جڑے متعلقہ امور شامل ہیں۔
تین مرتبہ وزیراعظم رہنے والے نواز شریف جن کے چوتھی بار منتخب ہونے کے حوالے سے ان کے چاہنے والوں کی بڑی تعداد انتہائی پراعتماد ہے لیکن شاید وہ بھی نہ جانتے ہوں کہ ان کی پسندیدہ شخصیت کا مرغوب کھانا مچھلی، دال چاول ہے۔
اچھے کپڑوں کا جنون کی حد تک شوق، مشاغل میں فیملی کے ساتھ گپ شپ، عہد کرکے مکر جانے والے کو ناپسندیدہ شخص اور ٹی وی پر محض سیاسی پروگرام دیکھتے ہیں، ان کی پسندیدہ اداکارہ کا تعلق 1970 کی فلموں سے ہے۔
بلاول بھٹو زرداری
الیکشن جیتنے کی صورت میں وزارت عظمیٰ کے سب سے کم عمر امیدوار بلاول بھٹو جو آکسفورڈ سے فارغ التحصیل ہیں۔
ان کا پسندیدہ لباس شلوار قمیض ہے، اپنی شادی کا موضوع انتہائی مختصر، پسندیدہ ڈش حلیم ہے، فلم دیکھنے کا وقت ہی نہیں ملتا۔
بیرسٹر گوہر علی خان
بیرسٹر گوہر علی خان جو اتفاقی طور پر اس صف میں شامل ہیں انہیں کانٹیننٹل ناشتہ اور چائینز فوڈ پسند ہے، اخبار پڑھنے کا وقت نہیں سرخیاں دیکھتے ہیں۔
بیرسٹر گوہر ڈاکٹر یا پائلٹ بننا چاہتے تھے، حالات نے قانون دان اور اب سیاستدان بنا دیا، ان کا پسندیدہ لیڈر عمران خان اور ناپسندیدہ رابرٹ مگابے ہے۔
مولانا فضل الرحمٰان
مولانا فضل الرحمٰان منافق لوگوں کو انتہائی ناپسند کرتے ہیں، عورتوں کے پردے اور لو میرج کے حامی لیکن فریقین کی رضامندی سے، فرماتے ہیں عشق کیلئے وقت ہی نہیں ملا، گھڑ سواری اور شکار کے شوقین ہیں ان کے نزدیک سیاست میں بے وفائی ہو ہی جاتی ہے، پسندیدہ کھانا سرید (روٹی اور گوشت کا ملغوبہ)، ٹی وی بوقت ضرورت دیکھتے ہیں۔
سراج الحق
سراج الحق کی پسندیدہ شخصیت ذوالفقار علی بھٹو اور قاضی حسین احمد، بلاجھجھک بتاتے ہیں دوران تعلیم اسکول میں بڑی مار پڑی، سیر کے شوقین، صرف خالص دودھ کی چائے پیتے ہیں، پسند کی شادی کے حامی ہیں، فٹ بال پسندیدہ کھیل ہے۔
سعد رضوی
سعد رضوی خود کو بے ذوق سمجھتے ہیں، عشق ان کیلئے ناممکنات، پسندیدہ فلم اسٹیبلشمنٹ ہے، اسکول میں مار پڑتی تھی، نامحرم سے پردے کے حامی ہیں، پسندیدہ گلوکار نصرت فتح علی، گلوکارہ ام کلثوم اور پسندیدہ خوشبو عود ہے۔