09 فروری ، 2024
عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے مرکزی سینئر نائب صدر حیدر خان ہوتی نے عام انتخابات میں پارٹی کی ناکامی کے بعد پارٹی عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔
2024 کے انتخابات میں قومی اسمبلی کی نشستوں کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے اور اسی سلسلے میں مردان سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 22 میں اے این پی کے امیدوار حیدر خان ہوتی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اے این پی کے مرکزی سینئر نائب صدر حیدر خان ہوتی کا کہنا ہے کہ مردان کے تمام حلقوں پر اے این پی کی شکست کی ذمہ داری کھلے دل سے تسلیم کرتا ہوں اور شکست کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتا ہوں تاہم پارٹی کے ادنیٰ رکن کے حیثیت سے باچاخان کے قافلے کا حصہ رہوں گا۔
واضح رہے کہ حیدر ہوتی خان نے ضلع مردان سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 22 سے الیکشن میں حصہ لیا تھا جس میں ان کے مدِ مقابل آزاد امیدوار عاطف خان تھے۔
پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امید وار عاطف ایک لاکھ 14 ہزار 748 ووٹ حاصل کر کے کامیاب رہے جبکہ اے این پی کے امیر حیدر خان ہوتی نے 66 ہزار 159 ووٹ حاصل کیے۔