دنیا
Time 10 فروری ، 2024

غزہ: ریسکیو اہلکاروں سے مدد کی پکار کرنیوالی بچی بھی اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں ہلاک

فوٹو: رجب ہند
فوٹو: رجب ہند

 غزہ میں ریسکیو اہلکاروں کی مدد کا انتظار کرتی 6 سالہ بچی بھی مبینہ طور پر اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئی۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق گزشتہ ماہ غزہ سے گم ہونے والی 6 سالہ بچی ہند رجب اپنے کچھ رشتے داروں اور 2 رضا کاروں سمیت  گاڑی سے مردہ پائی گئی۔ 

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہند رجب  اپنے رشتے داروں کے ساتھ شہر سے نقل مکانی کر رہی تھی اور اس دوران ان کی گاڑی اسرائیلی ٹینکوں کے سامنے آگئی تھی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہند رجب نے گاڑی سے ریسکیو اہلکاروں کو مدد کے لیے فون کال بھی کی تھی، تاہم  مدد کی پکار کے دوران ہی فائرنگ کی آواز آئی تھی اور فون کٹ گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق بچی اور ایمرجنسی کال آپریٹرکے درمیان ہوئی بات چیت کی آڈیو ریکارڈنگ میں ایسا معلوم ہوا تھا کہ صرف ہند ر جب ہی گاڑی میں زندہ  تھی باقی سب اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔

فوٹو: بی بی سی
فوٹو: بی بی سی 

تاہم  ہفتے کو ہند رجب سمیت 6 افراد  اپنی گاڑی سے مردہ پائے گئے ہیں۔

فلسطینی ریڈ کراس کے رضاکاروں کے مطابق گاڑی سے 6 لاشیں برآمد ہوئیں جن کو گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا۔

رضاکاروں کا کہناہے کہ کچھ فاصلے پر ایک اور گاڑی تباہ شدہ حالت میں ملی، یہ وہی ایمبولینس تھی جو ہند رجب کی کال پر ان کو  بچانے کے لیے بھیجی گئی تھی۔

اس ایمبولینس میں موجود عملے میں شامل دو اہلکاروں  پر بھی اسرائیلی فوجیوں کی جانب سےفائرنگ کی گئی جس کی زد میں آکر وہ جاں بحق ہوئے۔

جنگی قوانین یہ کہتے ہیں کہ طبی عملہ کی ہر صورت حفاظت کی جائے اور تنازع میں ان کو نشانہ نہ بنایا جائے جبکہ زخمی لوگوں کو فورا طبی امداد فراہم کی جائے۔

دوسری طرف اسرائیلی افواج کا یہ دعویٰ ہے کہ حماس اپنے ہتھیاروں اور مجاہدوں کی آمد و رفت کے لیے ایمبولینس کا استعمال کرتا ہے۔

مزید خبریں :