Time 11 فروری ، 2024
پاکستان

آج میں دل سے بانی ایم کیو ایم کو معاف کرتا ہوں: مصطفٰی کمال

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) پاکستان کے سینیئر ڈپٹی کنوینئر مصطفیٰ کمال نے کہا ہےکہ  آج میں دل سے بانی ایم کیو ایم کو معاف کرتا ہوں۔

کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے تحت یوم تشکر کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مصطفٰی کمال کا کہنا تھا کہ 8 سال پہلے میری قوم کے نام  پر جو کچھ کیا جاتا تھا اس پر قوم کو  جواب دینا پڑتا تھا،  آج یہ  وہی جناح گراؤنڈ ہے جہاں سے پاکستان اور پاکستانیوں کی بات ہو رہی ہے، یہاں سے جانے کے بعد انسان انسان کا دوست بنےگا، کسی کو مارنے کی بات نہیں ہوگی۔

مصطفٰی کمال کا کہنا تھا کہ  پورا پاکستان طعنے دیتا تھا کہ یہ شہر  اور  مینڈیٹ ایم کیو ایم پاکستان کا نہیں، ایک ہیلو کی آواز آئےگی اور  سب چھن جائےگا، کراچی والوں نے بتا دیا کہ کراچی کل بھی ایم کیو ایم پاکستان کا تھا اور آج بھی ایم کیو ایم پاکستان کا ہے۔

ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ  آج میں دل سے بانی ایم کیو ایم کو  معاف کرتا ہوں، بانی ایم کیو ایم کو دعوت دیتا ہوں توبہ کریں اور اللہ سےرجوع کریں، اللہ سے معافی مانگیں ، بھرم بازی چھوڑیں، ڈاکٹر عمران فاروق کی فیملی سے معافی مانگیں، میں چاہتا ہوں کہ آپ کا خاتمہ ایمان پر ہو، بانی ایم کیو ایم قدرت کے فیصلے کو قبول کریں۔

مصطفٰی کمال کا کہنا تھا کہ بانی ایم کیو ایم کو میں نے شراب پینےکی عادت کو ختم کرنے کے لیے اسپتال میں داخل کرایا تھا، اللہ نے ہمیں سرخرو کیا اور آج اس موقع پر میں آپ کو معاف کرتا ہوں، ہم چاہتے ہیں آپ سے جنت میں ملاقات ہو، وہاں آپ ہمارے لیڈر بن جانا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے شہر میں سات سو  سے  زائد نوجوانوں کو  بازیاب کرایا، ان کا مقدمہ لڑا، میں نے اس قوم کی خاطر اپنی پارٹی ختم کی، میرپور خاص میں مجھ پر  پتھراؤ کیا گیا اور  ساتھیوں پر گولی چلائی گئیں۔

انہوں نےکہا کہ آج رب نے مجھے اور میری پارٹی کو فتح دے دی ہے، ایک دن آئےگا کہ پورا سندھ ایم کیو ایم کے جھنڈے تلے آئےگا، ایک دن پورے پاکستان کا مینڈیٹ ایم کیو ایم لےگی، حافظ نعیم، پورا پنڈ بھی مر جائے آپ چوہدری نہیں بنتے، آپ کی قسمت میں احتجاج لکھ دیا گیا ہے، لگے رہو اپنے خرچے پر۔

مزید خبریں :