13 فروری ، 2024
سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز ہوں گی۔
اسلام آباد میں مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں شہباز شریف نے اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی اور نوازشریف کی مشاورت سے وزیراعلیٰ کی امیدوار مریم نواز ہوں گی۔
ان کا کہنا تھاکہ سندھ میں پیپلزپارٹی اورپنجاب میں ن لیگ کو اکثریت حاصل ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھاکہ ہمارے امیدوار نوازشریف ہیں، ان سے درخواست کروں گا کہ وزیراعظم کا عہدہ قبول کریں۔
خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) نے پنجاب اسمبلی میں حکومت کیلئے نمبرز پورے ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے نتائج کے مطابق پنجاب کی صوبائی اسمبلی میں مسلم لیگ ن 137، پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار116، دیگر آزاد 22، پیپلز پارٹی 10، پاکستان مسلم لیگ ق 7 جبکہ استحکام پاکستان پارٹی، پاکستان مسلم لیگ ضیا اور تحریک لبیک ایک ایک نشست پر کامیاب قرار پائی۔