16 فروری ، 2024
امریکا نے ایک مرتبہ پھر پاکستان میں 8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات کے دوران دھاندھلی کے الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ امریکا نے پاکستان میں انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے، صرف پاکستان نہیں بلکہ دنیا میں کہیں بھی ایسے الزامات کی مکمل چھان بین ہونی چاہیے۔
واشنگٹن میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مخلوط حکومت پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے ۔ فیصلہ امریکا کو نہیں پاکستان کو کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان میں آنے والی نئی حکومت کے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہے۔
دوسری جانب ترجمان امریکی نیشنل سکیورٹی جان کربی نے کہا کہ پاکستان کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے الزامات پروائٹ ہاؤس کو تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ رپورٹس میں سنا ہے کہ ڈرانے دھمکانے، ووٹرز کو دبانے اور اس قسم کے واقعات ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اسے معاملے کو بہت قریب سے دیکھ رہے ہیں، بین الاقوامی مانیٹر بھی دیکھ رہے ہیں۔