17 فروری ، 2024
یورپی یونین نے پاکستان میں عام انتخابات 2024 کے حوالے سے سوشل میڈیا پر زیرگردش خود سے منسوب جعلی بیان کی تردیدکردی۔
یورپی یونین کی جانب سے ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ 'ہمیں معلوم ہےکہ عام انتخابات سے متعلق یورپی یونین کے بیان کا جعلی ورژن گردش کر رہا ہے اور اس کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے، یہاں صحیح بیان کا لنک ہے'۔
اس حوالے سے ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے جعلی اور اصلی دونوں بیانات سوشل میڈیا پر شیئر کردیے۔
تحریک انصاف پر تنقیدکرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ جعلی فارم 45 کے بعد پیش خدمت ہے 'یورپی یونین' کی جعلی پریس ریلیز ، جس پر یورپی یونین کو خود تردید کرنا پڑی ۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ یورپی یونین اور دنیا کو پتا چل گیا ہوگا کہ یہ کتنے بڑے جھوٹے اور جعل ساز ہیں، جو اپنے سیاسی مفاد کے لیے پاکستان کی عالمی رسوائی کرانے سے بھی باز نہیں آتے ۔
ترجمان ن لیگ کا مزید کہنا تھا کہ برطانوی ادارے DFID کو بھی اتوار والے دن پی ٹی آئی کے جھوٹ پر تردیدی بیان جاری کرنا پڑا تھا۔