Time 18 فروری ، 2024
دنیا

اکبر اور سیتا نامی شیرکا جوڑا ایک پنجرے میں رکھنے پر ہندو انتہاپسندوں نے مقدمہ کردیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

بھارت میں ہندو انتہاپسند جانوروں کے معاملے میں بھی انتہاپسندی کا مظاہرہ کرنے لگے ہیں۔

سخت گیر تنظیم وشوا ہندو پریشد نے بھارتی ریاست مغربی بنگال میں اکبر اور سیتا نام کے شیر کے جوڑے کو ایک ہی پنجرے میں رکھنے پر مقدمہ دائر کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مغربی بنگال کے سفاری پارک میں لائےگئے شیر کے جوڑے کا نام اکبر اور سیتا رکھا گیا ہے اور انہیں ایک ہی پنجرے میں رکھا گیا ہے۔

کولکتہ ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں ہندو تنظیم کا کہنا ہےکہ حکام نے ایسا کرکے ان کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے، دونوں کو علیحدہ کیا جائے، درخواست میں  شیر کے جوڑے کا نام تبدیل کرنے کی استدعا بھی کی گئی ہے۔

وشوا ہندو پریشد کی محکمہ جنگلات کے خلاف کولکتہ ہائی کورٹ میں دائر درخواست کی سماعت 20 فروری کو ہوگی۔

معاملے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے محکمہ جنگلات نےکہا ہےکہ شیر اور شیرنی کو حال ہی میں تریپورہ کے زولوجیکل پارک سے منتقل کیا گیا تھا اور جوڑے کا نام پہلے سے ہی رکھا گیا تھا۔

خیال رہےکہ اکبر معروف مسلمان مغل بادشاہ کا نام ہے جب کہ سیتا ہندوؤں کی مذہبی کتاب رامائن کا معروف کردار ہے اور اسے دیوی کے طور پر احترام حاصل ہے۔  

مزید خبریں :