19 فروری ، 2024
کراچی اور حیدرآباد سے پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ نومنتخب آزاد اراکینِ سندھ اسمبلی نے سنی اتحاد کونسل (ایس آئی سی) میں شمولیت کیلئے حلف نامے ایس آئی سی کے سربراہ کے نام ارسال کردیے۔
پی ٹی آئی کے سندھ اسمبلی کی نشستوں پر نو منتخب کراچی کے 8 اور حیدرآباد سے 1 رکن نے سنی کونسل میں شمولیت کی استدعا کرتے ہوئے حلف نامہ جمع کرادیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ ارکان نے حلف نامے سربراہ سنی کونسل کو ارسال کر دیے ہیں۔
خیال رہے کہ کراچی سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ 1 نو منتخب آزاد رکن اعجاز سواتی پیپلزپارٹی میں بھی شامل ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب جوائنٹ الیکشن کمشنرسندھ کا کہنا ہے کہ مدت ختم ہونے کے بعد امیدواروں کی شمولیت سے پارٹی کی سیٹوں پر فرق نہیں پڑے گا۔
جیو نیوز سےخصوصی گفتگو کرتے ہوئے جوائنٹ الیکشن کمشنر سندھ کا کہنا تھا کہ آزاد امیدواروں کو کامیابی کے نوٹیفکیشن کے بعد تین روز میں کسی جماعت میں شمولیت اختیار کرنی ہوتی ہے، آزاد امیدواروں کی کسی بھی جماعت میں شمولیت کا مقصد مخصوص نشستوں کو مختص کرنا ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی جماعت میں شامل نہ ہونے والے افراد آزاد ارکان کے طور پر ایوان کا حصہ ہوتے ہیں۔