Time 19 فروری ، 2024
دنیا

پاپوا نیوگنی میں خوفناک قبائلی تصادم، 64 افراد ہلاک

قبائلی تصادم پاپوا نیو گنی کے دور افتادہ ریجن ہوم لینڈز کے صوبے انگا میں پیش آیا، تصادم میں 17 قبائل ملوث ہیں۔ فوٹو فائل
قبائلی تصادم پاپوا نیو گنی کے دور افتادہ ریجن ہوم لینڈز کے صوبے انگا میں پیش آیا، تصادم میں 17 قبائل ملوث ہیں۔ فوٹو فائل

پاپوانیوگنی میں خونریز قبائلی تصادم کے نتیجے میں کم از کم 64 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق قبائلی تصادم پاپوا نیو گنی کے دور افتادہ ریجن ہوم لینڈز کے صوبے انگا کے ضلع وپینمانڈا میں پیش آیا۔

پولیس کے مطابق ہوم لینڈز کئی برسوں سے تصادم کی لپیٹ میں ہے تاہم حالیہ تصادم برسوں کے بدترین تصادم ہیں اور غیرقانونی اسلحے کی موجودگی نے ان تصادم کو مزید ہوا دی ہے۔

پولیس حکام نے آسٹریلین میڈیا کو بتایا کہ یہ اب تک انگا یا شاید ہوم لینڈز میں ہونے والے سب سے خوفناک قبائلی تصادم ہیں، ہم سب اس پر بہت زیادہ تباہ حال اور ذہنی تناؤ کا شکار ہیں۔

انگا میں زیادہ تر قبائلی تصادم کی وجہ زمین اور دولت کی تقسیم ہے اور گزشتہ برس جولائی میں بھی پولیس نے قبائلی تصادم کے پیش نظر 3 ماہ کا لاک ڈاؤن لگاتے ہوئے سفری پابندیاں عائد کر دی تھیں۔

پاپوا نیو گنی کے تصادم نے گزشتہ برس اگست میں اس وقت عالمی سطح پر زینت پائی تھی جب تصادم کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ تصادم 17 قبائل کے درمیان ہو رہا ہے جسے روکنا قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔

مزید خبریں :