20 فروری ، 2024
خیبر پختونخوا کے حالیہ انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے قومی اسمبلی کی 44 نشتسوں پر ملک کی پانچ بڑی جماعتوں کے امیدواروں سے زیادہ ووٹ لے کر ریکارڈ قائم کردیا۔
پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدواروں نے 38 لاکھ 47 ہزار سے زیادہ ووٹ لیے جبکہ پی پی پی، مسلم لیگ ن ،جے یو آئی سمیت پانچ بڑی پارٹیوں کے امیدوار مل کر بھی پی ٹی آئی کے امیدواروں جتنے ووٹ حاصل نہ کر سکے.
پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے حالیہ انتخابات میں خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کی 44 نشتوں پر 38 لاکھ 47 ہزار 432 ووٹ لیے۔
پانچ بڑی پارٹیوں جمعیت علمائے اسلام، عوامی نیشنل پارٹی، مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی کے امیدوار مل کر بھی پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں جتنے ووٹ حاصل نہ کر سکے۔
جے یو آئی، اے این پی، ن لیگ، پی پی پی اور جماعت اسلامی نے مجموعی طور پر 35 لاکھ 10 ہزار 253 ووٹ لیے۔ جے یو آئی نے 13 لاکھ 15 ہزار 121، اے این پی نے 5 لاکھ 68 ہزار 569 ، پاکستان مسلم لیگ ن نے 7 لاکھ 73 ہزار 349، پاکستان پیپلز پارٹی نے 5 لاکھ 22 ہزار 9 جبکہ جماعت اسلامی کے امیدواروں نے 3 لاکھ 51 ہزار 5 ووٹ لیے۔
صوبے میں مجموعی طور پر 87 لاکھ 29 ہزار 709 افراد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔حق رائے استعمال کرنے والوں میں 31 لاکھ 42 ہزار 45 خواتین جبکہ 71 لاکھ 16 ہزار 214 مرد شامل تھے۔
پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدواروں نے بعض حلقوں میں بڑے مارجن سے سیٹیں بھی جیتیں۔ پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹر گوہر علی خان نے 79 ہزار 721 کے بڑے مارجن سے اے این پی کے مدمقابل امیدوار کو ہرایا۔ بیرسٹر گوہر علی خان نے 1 لاکھ 10 ہزار 23 ووٹ جبکہ عبدالرؤف نے 30 ہزار 302 ووٹ حاصل کیے۔
این اے 38 سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار شاہد احمد نے جے یو آئی کے شاہ عبد العزیز کو 77 ہزار 126 کے بڑے مارجن سے شکست دی۔
این اے 32 سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار آصف خان نے نامور سیاستدان غلام احمد بلور کو 76 ہزار سے زیادہ ووٹوں سے شکست دی۔این اے 22 مردان سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار عاطف خان نے اے این پی کے حیدر ہوتی کو بڑے مارجن سے ہرایا۔
عاطف خان نے 1 لاکھ 15 ہزار 801 جبکہ امیر حیدر ہوتی نے 66 ہزار 674 ووٹ حاصل کیے۔ این اے 23 سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار علی محمد خان نے مخالف امیدوار کو 68 ہزار ووٹوں سے شکست دی۔
الیکشن نتائج پر جیونیوز سے بات چیت کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے خیبرپختونخوا میں ریکارڈ ترقیاتی کام کیے تھے اور عوام نے پی ٹی آئی کی کارکردگی اور بانی پی ٹی آئی کے وژن کو سراہتے ہوئے دیگر جماعتوں کے لوگوں کو مسترد کیا ہے۔
ان کا کہناتھاکہ دیگر پارٹیاں سیاست چھوڑ کر کوئی دوسرا کام شروع کریں۔
دوسری جانب ترجمان جے یو آئی جلیل جان کے مطابق پولنگ میں دھاندلی کی گئی ہے، پی ٹی آئی کے لیے ووٹ ڈالے گئے ہیں جبکہ جے یو آئی نے گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں اس بار زیادہ ووٹ حاصل کیے ہیں۔