22 فروری ، 2024
حکومت سازی کیلئے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) پاکستان اور مسلم لیگ ن کے درمیان جاری مذاکرات سے متعلق ایم کیو ایم کے وفد نے رابطہ کمیٹی کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق ن لیگی وفد میں اسحاق ڈار، ایاز صادق، اعظم تارڑ اور محمد احمد خان شامل تھے جبکہ ملاقات میں گورنرسندھ کامران ٹیسوری، مصطفیٰ کمال اور فاروق ستار شریک ہوئے۔
ترجمان کے مطابق دونوں جماعتوں نے ملک میں سیاسی، جمہوری اور معاشی استحکام کیلئے مفاہمت اور باہمی تعاون کا عمل جاری رکھنے پر اتفاق کیا جبکہ یہ بھی طے کیا گیا کہ وسائل، اختیارات اور اقتدار کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے کی بنیاد پر حکومت سازی کا سلسلہ آگے بڑھایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم رہنماؤں کی جانب سے مذاکرات پر رابطہ کمیٹی کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ ایم کیو ایم رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اگر رابطہ کمیٹی نے منظوری دی تو دوسرے مرحلے کے مذاکرات کے بعد میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔