22 فروری ، 2024
اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں وحشیانہ حملوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہونے والے حملوں مزید 100 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔
صیہونی فوج نے جبالیا میں پناہ گزین عمارت پر حملہ کیا، رفح میں بھی بمباری کی، ایک مسجد بھی بمباری کی زد میں آئی۔
اسرائیلی فوج کے دیرالبلح میں فضائی حملے سے الاقصیٰ اسپتال کا ڈاکٹر شہید ہوگیا۔
7 اکتوبر سے جاری اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں فلسطینی شہدا کی تعداد 29 ہزار 500 تک جاپہنچی ہے۔
عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے غزہ میں انسانی اور صحت کی صورتحال تباہ ہونے سے غزہ ڈیتھ زون بن گیا ہے۔
دیگر امدادی تنظیموں نے بھی غزہ میں پانی، خوراک سمیت زندگی کی بنیادی ضروریات کی شدید ترین قلت کی تصدیق کی ہے۔
غزہ میں کام کرنے والی 18 انسانی امدادی تنظیموں کے سربراہان نے مشترکہ بیان میں خبردار کیا ہےکہ غزہ میں پانی سمیت زندہ رہنےکے لیے بنیادی ضروریات کی "شدید قلت" ہے اور رفح میں مزید کشیدگی امدادی عمل کو مزید تباہ کردےگی۔