23 فروری ، 2024
اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے تحریک انصاف کے متعدد رہنما عدالتی احکامات لے کر پہنچے لیکن جیل انتظامیہ نے 6 وکلا رہنماؤں کے سوا کسی کو ملنے کی اجازت نہیں دی۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر، عمر ایوب، بیرسٹر گوہر، عاطف خان، شہرام تراکئی، شیر افضل مروت، سیمابیہ طاہر اور سردار عبدالقیوم نیازی بھی بانی پی ٹی آئی سے ملنے کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے تھے۔
جیل انتظامیہ کی جانب سے بیرسٹر علی ظفر، بیرسٹر عمیر نیازی، علی بخاری، شاداب جعفری اور ایڈووکیٹ احمد اویس کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دی گئی۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کے باوجود جیل انتظامیہ نے ملاقات کی اجازت نہیں دی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگوں کو لالچ دے کر وفاق اور پنجاب میں حکومتیں بنائی جا رہی ہیں موجودہ حالات میں بانی پی ٹی آئی سے پارٹی کی سینیئر قیادت کی مشاورت ضروری ہے۔
اسد قیصر نے بتایا کہ بلوچستان اور سندھ میں مختلف الائنس بنارہے ہیں، تحریک لبیک سے بھی ملاقات کریں گے۔
عمر ایوب نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کیا ہم اپنے لیڈر سے ملاقات کیلئے عالمی عدالت جائیں؟ ملاقات کرنا ان کا قانونی حق ہے لیکن انہیں اپنے اس حق سے محروم رکھا جارہا ہے۔
بیرسٹر عمیر نیازی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہ دے کر سیاسی فضا کو خراب کیا جارہا ہے۔