23 فروری ، 2024
عام انتخابات میں کامیاب ہونے والے پنجاب اسمبلی کے نومنتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا اور اسپیکر سبطین خان نے نئے ارکان سے حلف لیا۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج صبح 10 بجے طلب کیا گیا تھا جو دو گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہواتھا۔ اجلاس شروع ہونے پر نومنتخب ارکان اسمبلی نے حلف اٹھایا جن میں مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر و سینیئر نائب صدر مریم نواز بھی شامل ہیں۔
مریم نواز پہلی بار ملک کے کسی ایوان میں منتخب ہوکر پہنچی ہیں۔ مریم نواز کو پنجاب اسمبلی میں اکثریت رکھنے والی جماعت مسلم لیگ (ن) نے وزیراعلیٰ کا امیدوار نامزد کیا ہے اور کامیابی کی صورت میں وہ صوبے کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ ہونگی۔
8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 159 لاہور 15 اور قومی اسمبلی کے حلقہ این 119 لاہور 3 سے الیکشن میں حصہ لیا تھا اور دونوں ہی حلقوں سے کامیاب ہوئیں۔
پی پی 159 لاہور سے مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز 23 ہزار 598 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائیں، تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار مہر شرافت علی 21ہزار 491 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
اس کے علاوہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 119 لاہور سے مریم نواز نے 83 ہزار 855 ووٹ حاصل کرکے نشست جیتی جبکہ ان کے مدِ مقابل پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار شہزاد فاروق 68ہزار 376ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے۔
مریم نواز نے صوبائی اسمبلی کی نشست سے حلف اٹھا لیا ہے جس کے بعد اب قومی اسمبلی سیٹ خالی قرار پائے گی جس پر ضمنی انتخاب ہوگا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے کامیاب امیدوار کیلئے جاری کردہ ہدایات کے مطابق ایک سے زیادہ نشستوں پر کامیاب امیدوار ایک ہی نشست اپنے پاس رکھ سکتےہیں۔
مریم نواز کے این اے 119 کی نشست چھوڑنے کے بعد ضمنی انتخاب میں ن لیگ کے رہنما سعد رفیق کو ٹکٹ دیے جانے کا امکان ہے۔