24 فروری ، 2024
سندھ اسمبلی کے نومنتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا۔
سندھ اسمبلی کا اجلاس 40 منٹ کی تاخیر سے اسپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت شروع ہوا، جس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد نعت رسول مقبول پیش کی گئی۔
آغا سراج درانی نے نو منتخب اراکین سندھ اسمبلی سے حلف لیا، حلف لینے والوں میں نامزد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، فریال تالپور، شرجیل میمن، ناصر حسین شاہ اور دیگر بھی شامل ہیں، اس موقع پر اسمبلی ہال جئے بھٹو کے نعروں سے گونج اٹھا۔ اراکین سندھ اسمبلی نے اردو، انگریزی اور سندھی میں حلف لیا۔
سندھ اسمبلی کے 168 اراکین میں سے 114 کا تعلق پیپلز پارٹی سے ہے جبکہ 36 اراکین کا تعلق ایم کیو ایم پاکستان سے ہے تاہم آج 148 اراکین نے حلف لیا اور مجموعی طور پر 13 اراکین حلف برداری کی تقریب میں شریک نہ ہوئے۔
پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار حلف لینے نہیں آئے جبکہ جماعت اسلامی اور جی ڈی اے ارکان بھی حلف لینے اسمبلی نہ پہنچے، نادر مگسی کار ریلی میں شرکت کے باعث کراچی میں موجود نہیں جبکہ نثار کھوڑو اور جام مہتاب ڈہر سینیٹ کی نشست برقرار رکھیں گے۔ اس کے علاوہ دادوسے پیپلزپارٹی کے منتخب امیدوار عزیز جونیجوکے انتقال پر ان کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا اور جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمان کا پی ایس 129کراچی کا نوٹیفکیشن بھی جاری نہیں ہوا۔
دوسری جانب جی ڈی اے، جماعت اسلامی اور تحریک انصاف پر مشتمل اپوزیشن اتحاد نے سندھ اسمبلی کے باہر احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے جبکہ نقص امن اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر محکمہ داخلہ سندھ نے کراچی میں ایک ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔