24 فروری ، 2024
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نےکہاہےکہ سنی اتحاد کونسل کے پاس حکومت بنانے کے نمبرز نہیں، پاکستان تحریک انصاف نے شہبازشریف کا راستہ روکنے کی کوشش نہیں کی بلکہ اعلان کردیا کہ وہ پی پی کے پاس نہیں آئیں گے۔
بلاول نے نیوکراچی میں جاں بحق ہونے والے کمسن کارکن عبدالرحمان کے لواحقین سے تعزیت کیلئے ان کے گھر پہنچے اور لواحقین سے افسوس کا اظہار کیا۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھاکہ ہمارے 2کارکنوں کو الیکشن سے پہلے شہید کیا گیا، کارکن کےلواحقین سے تعزیت کرنے آیا ہوں، 12سال کا شہید عبدالرحمان ڈسٹرک سینٹرل میں رہتا تھا، عبدالرحمان کے گھر والوں کو کہا گیا پیپلزپارٹی کا ساتھ نہ دیں، گھروں والوں کے منع کرنے پر عبدالرحمان کو شہید کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ جو بھی حملوں میں ملوث تھے ان کو قانونی کٹھرے میں لائیں گے، کارکنوں کے لواحقین کو انصاف فراہم کریں گے، سندھ اور کراچی میں پیپلزپارٹی کی حکومت ہے، ہم شہر میں دہشتگردی کو برداشت نہیں کریں گے، پیپلزپارٹی کےخلاف جھوٹےالزام لگانے والی جماعتیں یہ نہ سمجھیں ہم بلیک میل ہوں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھاکہ سنی اتحاد کونسل کوبھی اپنے کارکنوں سے سچ کہنا چاہیے کہ ان کے پاس حکومت بنانے کے نمبرزنہیں، پی ٹی آئی نے کوشش ہی نہیں کہ وزیراعظم کیلئے شہبازشریف کا راستہ روکیں اورپیپلزپارٹی سے بات کریں بلکہ بلکہ اعلان کردیا کہ پیپلزپارٹی کے پاس نہیں آئیں گے، بانی پی ٹی آئی نے ہی فیصلہ کیا ہوگا کہ شہبازشریف کا مقابلہ نہیں کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ جو جماعت ہمارے پاس ووٹ مانگنے آئی ہم اس کو ووٹ دے رہے ہیں، پیپلزپارٹی نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کولکھے جانے والی خط کی کوئی اہمیت نہیں، خط کے ذریعے ان کی اصلیت عوام کے سامنے آئے گی۔