25 فروری ، 2024
مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ آج رات بلوچستان میں داخل ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، خطہ پوٹھوہار اور اسلام آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جب کہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے جنوب مغربی اضلاع میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کی توقع ہے۔
شمال بالائی بلوچستان میں یخ بستہ ہوائیں چل رہی ہیں، زیارت،کان مہترزئی،توبہ اچکزئی سمیت بالائی علاقوں میں موسم شدید سرد ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ایران میں موجود طاقتور مغربی سسٹم بلوچستان کی جانب بڑھ رہا ہے، صوبے بھر میں بارش،ژالہ باری اور برف باری کا امکان ہے، موسلادھاربارش سےندی نالوں میں سیلابی صورتحال ہوسکتی ہے، کوژک ٹاپ،شیلاباغ،توبہ اچکزئی میں برف باری کا امکان ہے۔
وادی زیارت جانے والے سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، پی ڈی ایم اے کی پنچاب،خیبرپختونخوا جانے والی این 50 شاہراہ پر محدودسفرکی ہدایت کی گئی ہے۔