26 فروری ، 2024
امریکا اور برطانیہ کی جانب سے یمن میں 8 مقامات پر حوثیوں کے 18 ٹھکانوں کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
یمن پر تازہ حملوں پر ردعمل دیتے ہوئے ایران نے امریکی و برطانوی حملوں کو یمن کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دے دیا۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ ناصر کنعانی کا کہنا تھا کہ امریکا اور برطانیہ نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ جنگی جرائم اور نسل کشی کرنے والے اسرائیل کے حمایتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اور برطانیہ غاصب مجرم ریاست کے تحفظ اور ناجائز مفادات کو الاقوامی امن وسلامتی سے زیادہ اہمیت دیتے ہیں۔
ایرانی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا و برطانیہ غزہ جنگ روکنے کے بجائے اس ملک پر حملہ کر رہے ہیں جو غزہ جنگ رکوانے کیلئے اسرائیل پر دباؤ ڈال رہا ہے۔