26 فروری ، 2024
سندھ ہائیکورٹ نے میر مرتضٰی بھٹو قتل کیس میں ملزمان کی بریت کے خلاف اپیلوں پر سماعت میں غیر حاضر 4 ملزمان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
سندھ ہائیکورٹ میں میر مرتضٰی بھٹو قتل کیس میں ملزمان کی بریت کے خلاف اپیلوں پر سماعت ہوئی۔
سابق آئی جی سندھ واجد درانی و دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے پیش نہ ہونے والے 4 ملزمان غلام مصطفیٰ، گلزار احمد، ظفر احمد اور اصغر میمن کے 25 ہزار روپے کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
عدالت نے سابق پولیس افسر واجد درانی اور دیگرکو حاضری سے استثنیٰ دینے سے انکار کردیا۔
سابق پولیس چیف شاہد حیات مرحوم کے بھائی نے اپیل کی پیروی کیلئے عدالت سے رجوع کرلیا اور عدالت نے شاہد حیات مرحوم کے بھائی کی درخواست منظور کرلی۔
وکلا نے عدالت کو بتایا کہ کیس میں نامزد چار پولیس افسران انتقال کرچکے ہیں جن میں شاہد حیات، شبیر احمد قائمخانی، آغا محمد جمیل، مسعود شریف شامل ہیں۔
عدالت نے متعلقہ ایس ایچ اوز کوملزمان کے انتقال سے متعلق تصدیقی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔ ملزم شعیب سڈل کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سابق پولیس افسر شعیب سڈل کو سپریم کورٹ کی جانب سے الیکشن کمیشن کا اسائمنٹ ملا ہے، اس لیے پیش نہیں ہوئے۔
عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اپیلیں 2010 سے زیر سماعت ہیں، جلد نمٹانا چاہتے ہیں۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر پیشرفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 22 اپریل تک ملتوی کردی۔