26 فروری ، 2024
غزہ میں بمباری کے ساتھ مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی فورسز کی جارحیت جاری ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق فلسطینی اسیران اتھارٹی کا کہنا ہےکہ مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کا فلسطینیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
اسیران اتھارٹی کے مطابق اسرائیلی فورسز نے مزید 15 فلسطینی گرفتار کرلیے، مقبوضہ مغربی کنارے میں7 اکتوبر سے اب تک 7 ہزار 225 فلسطینیوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔
اسیران اتھارٹی کا کہنا ہےکہ گرفتار فلسطینیوں میں بچے اور اسرائیل حماس ڈیل کے تحت رہا قیدی بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے بےگھر فلسطینیوں کے خیموں پر ممنوعہ سفید فاسفورس کے گولوں کی بمباری جاری ہے۔
امداد کے منتظر فلسطینیوں پر گولہ باری سےکل سے اب تک مزید 100 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوگئے۔
ادھر عالمی عدالت انصاف میں فلسطینی سرزمین پر اسرائیل کے 57 سالہ قبضے کے خلاف سماعت میں عرب لیگ نے اسرائیلی قبضے کو بین الاقوامی انصاف کی توہین قرار دیا۔
عرب لیگ نمائندوں کا کہنا تھا کہ فلسطینی سرزمین پر قبضےکا کوئی قانونی و اخلاقی جواز نہیں، جنگل کا قانون خطے میں امن نہیں لاسکتا، اسرائیلی قبضےکا خاتمہ ہی امن کا ضامن ہے، اسرائیل فلسطینیوں کے خلاف نسلی تسلط کا ارتکاب کر رہا ہے۔