کراچی کنگز کے کپتان پی ایس ایل 9 میں ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے پر کافی پر جوش

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ پی ایس ایل 9 میں اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے کے حوالے سے کافی پر جوش ہوں۔

شان مسعود کا کہنا ہے کہ کراچی کنگز کے تمام کھلاڑیوں نے کچھ نہ کچھ پرفارمنس دی ہے، ذاتی کارکردگی سے مطمئن نہیں، اچھا موقع ملتے ہی ٹیم کی کارکردگی بھی اچھی ہو جائے گی۔ 

نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی کے اوول گراؤنڈ پر کراچی کنگز کی پریکٹس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شان مسعود نے کہا کہ پی ایس ایل کے گزشتہ تین میچز میں کراچی کنگز کی جانب سے کوئی بڑی اور قابل ذکر کارکردگی سامنے نہیں آ سکی،کسی بھی ایک میچ میں ٹیم کی جانب سے ایک یا دو انفرادی اچھی پرفارمنس سے اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کنگز کو کیرون پولارڈ جیسی بہترین انفرادی اننگز کی ضرورت ہے،کراچی میں ہونے والے میچز میں حریف ٹیموں کے خلاف میٹنگ میں لائحہ عمل تیار کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اوپنرز کے جلد آؤٹ ہونے سے ٹیم کی کارکردگی پر فرق پڑتا ہے، کراچی کی پچ کا کوئی اندازہ نہیں،اچھی ٹیم وہ ہوتی ہے جو اپنی غلطیوں سے سیکھتی ہے، ہماری ٹیم میں سب نے کچھ نہ کچھ پرفارم کیا ہے،مجھے اچھا آغاز نہیں مل رہا ہے،اسی وجہ سے بیٹنگ میں آگے نہیں بڑھ پارہا۔

شان مسعود نے کہا کہ میچز میں وکٹ پر سیٹ ہونے کے باوجود اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکا، میری پرفارمنس جب آئیں گی تو ٹیم کو مزید فائدہ ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ محمد نواز کی صلاحیتوں کے مطابق کارکردگی نہیں رہی،ان سے بطور آل راؤنڈر اچھی توقعات ہیں،عرفات منہاس اچھا پلیئر ہے جہاں اس کی ضرورت ہوگی اس کو کھلائیں گے،میچز کے پاسز کے لیے اپنی فیملی کو بھی منع کردیا،پی ایس ایل میں سب کھلاڑی پاسز کی وجہ سے پریشان ہوتے ہیں۔جمعرات کو اسلام اباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ میں اچھی کارکردگی متوقع ہے۔

واضح رہے کہ کراچی کنگز نے رواں پی ایس ایل میں اب تک 3 میچز کھیلے ہیں جن میں 2 جیتے اور ایک میں ناکامی ہوئی۔

مزید خبریں :