پاکستان

عمران خان نے اسپیکر کے پی اسمبلی کیلئے اسد قیصر کے بھائی کو ہٹاکر دوسرا امیدوار نامزد کردیا

عاقب اللہ کی بطور اسپیکر کے پی اسمبلی تعیناتی پر پارٹی میں شدید تحفظات تھے: ذرائع.
عاقب اللہ کی بطور اسپیکر کے پی اسمبلی تعیناتی پر پارٹی میں شدید تحفظات تھے: ذرائع.

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی کے لیے اسد قیصر کے بھائی عاقب اللہ کو نامزد کیا تھا جبکہ ڈپٹی اسپیکر کے لیے پی ٹی آئی نے چترال سے الیکشن جنرل نشست پر الیکشن جیتنے والی ثریا بی بی کو نامزد کیا تھا۔

تاہم اب اطلاعات ہیں کہ پی ٹی آئی نے عاقب اللہ کی جگہ بابر سلیم کو اسپیکر کے پی اسمبلی کا امیدوار نامزد کر دیا ہے۔

اس حوالے سے ذرائع کا بتانا ہے کہ پارٹی میں عاقب اللہ کی نامزدگی کے حوالے سے تحفظات پائے جاتے تھے اور پارٹی پریشر کی وجہ سے عاقب اللہ کی نامزدگی کا فیصلہ تبدیل کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عاقب اللہ کی جگہ بابر سلیم سواتی کو اسپیکر کے پی اسمبلی کا امیدوار نامزد کرنے کا فیصلہ گزشتہ روز عمر ایوب کی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔

عمر ایوب نے بھی اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر کے لیے بابر سلیم کو نامزد کر دیا ہے۔

دوسری جانب اسپیکر کے پی اسمبلی مشتاق غنی نے نو منتخب ارکان اسمبلی سے حلف لے لیا ہے اور انہوں نے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے پی اسمبلی کا انتخاب 29 فروری کو کرانے کا اعلان کیا ہے۔

یاد رہے کہ بابر سلیم مانسہرہ سے صوبائی اسمبلی کی نشست پر آزاد حیثیت میں جیتے ہیں اور وہ اگست 2018 سے جنوری 2023 تک رکن خیبر پختونخوا اسمبلی بھی رہ چکے ہیں۔

مزید خبریں :