Time 28 فروری ، 2024
کھیل

پی ایس ایل: اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو با آسانی 7 وکٹوں سے ہر ادیا

فوٹو: پی ایس ایل
فوٹو: پی ایس ایل

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) سیزن 9 میں  اسلام آباد یونائیٹڈ  نے کراچی کنگز کو  با آسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

کراچی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے، کیرون پولارڈ 28 گیندوں پر 48 اور عرفان خان نیازی 22 گیندوں پر 27 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

اس کے علاوہ شان مسعود 27 اور لیوس ڈوپلوئے 24 رنز بنا کر  آؤٹ ہوئے، ٹم سیفرٹ 8، شعیب ملک اور محمد نواز 6 ،6 رنز بنا سکے۔

اسلام آباد کی جانب سے عماد وسیم، نسیم شاہ، آغاسلمان اور حنین شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کا تعاقب

کراچی کنگز کا 166 رنز کا ہدف اسلام آباد یونائیٹڈ نے با آسانی 19 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

اسلام آباد کی جانب سے اوپنر کولن منرو 82 اور ایلکس ہیلز نے 47 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، عماد وسیم صفر پر آؤٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ آغا سلمان 25 اور شاداب خان 10 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے

کراچی کنگز کی جانب سے حسن علی،تبریزشمسی اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ اس میچ کے لیے اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی تھیں، ایلکس ہیلز اور رومان رئیس کی ٹیم میں واپسی ہوئی۔

دوسری جانب کراچی کنگز کی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئیں، جیمز وینس، محمد اخلاق اور ڈینئل سمسز کی جگہ ٹم سیفرڈ ،ڈو پلوئے اور عامر خان کو شامل کیا گیا۔

کراچی کنگز کے جیمز وینس اور ڈینئل سمسز  پیٹ خراب ہونے کی وجہ سے پلینگ الیون کا حصہ نہیں تھے۔ 

واضح رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ اب تک ٹورنامنٹ میں5 میچ کھیل چکی ہے جس میں اسے 2 میں کامیابی اور 3 میں شکست ہوئی ہے۔

دوسری جانب کراچی کنگز نے 4 میچ کھیلے ہیں، جس میں اس نے 2 میں کامیابی اور 2 میں شکست ہوئی ہے۔

مزید خبریں :