Time 28 فروری ، 2024
پاکستان

شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشتگرد ہلاک

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے خفیہ آپریشن میں فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

 پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے  دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا اور  فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے مقابلے میں ایک سپاہی زخمی ہوا جبکہ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گرد ٹارگٹ کلنگ ، بھتہ خوری میں ملوث تھے۔

اس کے علاوہ  ہلاک دہشت گرد معصوم شہریوں کے اغوا سمیت دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھی ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقہ مکینوں نے سکیورٹی فورسز کے آپریشن کو سراہا ،اہل علاقہ نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کا اظہار کیا ہے۔

مزید خبریں :