29 فروری ، 2024
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مشترکہ نامزد وزیراعظم شہباز شریف کو ملک کا کامیاب ترین وزیر اعظم بننے کیلئے چند معاملات پر کام کرنے کا مشورہ دیدیا ہے۔
ن لیگ کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں بات چیت کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ اس وقت پاکستان اور اس کے عوام مشکل میں ہیں، اس لیے سب مل کر کوشش کریں گے کہ عوام کو مسائل سے اور پاکستان کو بحران سے نکالا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ضروری ہے کہ میثاق معیشت کے ساتھ ساتھ میثاق مفاہمت پر بھی مل کر کام کریں اور انتخابی اصلاحات اور عدالتی اصلاحات بھی کی جائیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ قومی اتفاقِ رائے سے ہی جمہوریت اور پارلیمان کو فعال کیا جاسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ان تین سے چار معاملات پر بات کریں تو امید ہے کہ شہباز شریف پاکستان کی تاریخ کے کامیاب وزیراعظم بن جائیں گے۔