Time 01 مارچ ، 2024
پاکستان

گوادر میں بارش کا سلسلہ تھم گیا، نظامِ زندگی اب تک بحال نہ ہوسکا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

گوادر میں بارش کا سلسلہ تو تھم گیا لیکن نظامِ زندگی اب تک بحال نہ ہوسکا،مسلسل طوفانی بارش نے ہزاروں افراد بے گھر کردیے۔

گوادر میں بارش رکنے کے بعد عوام گھروں میں محصور ہیں یا اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی کر رہے ہیں، اب بھی کئی علاقوں میں 4 سے 6 فٹ پانی جمع ہے، نکاسِ آب نہ ہونے کی وجہ سے شہری سراپا احتجاج اور پریشان ہیں۔ 

بخشی کالونی، ٹی ٹی سی کالونی کے مکینوں نے میرین ڈرائیو پر احتجاج کیا ۔ 

گوادر میں مسلسل طوفانی بارش نے ہزاروں افراد بے گھر کردیے ، ایک طرف بارش سے سیلاب ، دوسری طرف برف باری نے نظام زندگی درہم برہم کردیا۔

چمن، قلعہ عبداللہ اور پشین کے شہری علاقوں میں بھی برفباری جاری ہے ، دھاناسر کے مختلف پہاڑی مقامات پر دو سو سے زائد مسافر گاڑیاں پھنس گئی ہیں جس کے باعث بلوچستان کا خیبر پختونخوا کے ساتھ زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔

اس کے علاوہ شدید بارش سے بابِ دوستی کے اطراف کے علاقے زیرِ آب آگئے۔

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ، پاک فوج، بحریہ کی جانب سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں ۔ پاک فوج کے جوانوں نے پانی میں پھنسے 15افراد کو بحفاظت نکال لیا ۔

پاک بحریہ کی جانب سے مختلف علاقوں میں راشن اور دیگر ضروری سامان تقسیم اور مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد بھی کیا گیا ۔

ترجمان گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مطابق نشیبی علاقوں میں جمع پانی کے اخراج کیلئے ہیوی مشینری کے ذریعے پانی کا رخ سمندر کی طرف موڑا گیا ہے۔

مُلافاضل چوک،شاہین چوک سمیت شہر کے مختلف مقامات سے کافی حد تک پانی نکال لیا گیا ہے ساتھ ہی واٹر ٹینکرز سمیت پمپنگ مشین کےذریعہ ڈی واٹرنگ کا عمل جاری ہے۔

مزید خبریں :