سنی اتحاد کونسل نے محمود خان اچکزئی کو صدارتی امیدوار نامزد کر دیا

چند روز قبل پی ٹی آئی کے وفد نے محمود خان سے ملاقات بھی کی تھی۔ فوٹو فائل
چند روز قبل پی ٹی آئی کے وفد نے محمود خان سے ملاقات بھی کی تھی۔ فوٹو فائل

سنی اتحاد کونسل نے صدارتی نامزد امیدوار کا اعلان کر دیا۔

سنی اتحاد کونسل نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو صدارتی امیدوار نامزد کر دیا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ اس حوالے سے بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اڈیالہ جیل سے سنی اتحاد کونسل کے رہنماؤں کے لیے پیغام جاری کیا ہے کہ وہ محمود خان اچکزئی کی حمایت کریں۔

الیکشن کمیشن نے 9 مارچ کو صدارتی انتخاب کے شیڈول کا اعلان کر رکھا ہے جس کے لیے کاغذات نامزدگی 2 مارچ کو دوپہر 12 بجے سے پہلے جمع کرائے جا سکیں گے۔

الیکشن شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 4 مارچ کو ریٹرننگ آفیسر صبح 10 بجے کریں گے، کاغذات نامزدگی 5 مارچ دوپہر 12 بجے تک واپس لیے جا سکیں گے۔

گزشتہ روز نجی ٹی وی کے شو میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے محمود خان اچکزئی کو صدارتی امیدوار نامزد کرنے کا اشارہ بھی دیا تھا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے آصف علی زرداری صدارتی امیدوار ہوں گے، چیئرمین پیپلز پارٹی آصف علی زرداری کے تائید کنندہ ہوں گے جبکہ فاروق ایچ نائیک ان کے کاغذات نامزدگی جمع کروائیں گے۔

یاد رہے کہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں محمود خان اچکزئی این اے 266 قلعہ عبد اللہ کم چمن سے 67 ہزار 28 ووٹ لیکر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

مزید خبریں :