زیادہ جانور پالنے کی بجائے بچہ گود لے لیں، وہ کم از کم سلام تو کریگا: بشریٰ انصاری

پاکستان کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری کا کہنا ہے کہ زیادہ تعداد میں جانور پالنے سے اچھا ہے کہ انسان یتیم بچے کی پرورش کرلے۔

حال ہی میں بشریٰ انصاری نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے ساتھی فنکاروں کا ذکر کیا جو بے اولاد ہیں یا پھر جو شادی نہیں کرنا چاہتے لیکن والدین کی ذمہ داریاں نبھانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے افراد جنہیں پالتوں جانوروں کا شوق ہے تو وہ 1 یا 2 کتے بلی پال لیں اور اگر پھر بھی مزید کی خواہش ہو تو کسی یتیم مسکین بچوں کو گود لے لیں۔

اداکارہ نے اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اگر زیادہ تعداد میں جانوروں کے بجائے کسی بچے کو گود لیں گے تو کم از کم وہ بچہ 4 یا 5 برس کی عمر میں آپ کو سلام تو کرے گا۔

سینئر اداکارہ نے اپنے کسی جاننے والے کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے پاس 29 بلیاں ہیں، ان کی دیکھ بھال کی چیزیں، ان کا امپورٹڈ کھانا آتا ہے، امپورٹڈ کھانوں وغیرہ پر کم از کم ماہانہ 2 سے 3 لاکھ روپے اخراجات آتے ہوں گے۔

انہوں نے معروف گلوکارہ حدیقہ کیانی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ میرا مشورہ ہے کہ پالتو جانوروں پر اپنی کمائی اور محنت صرف کرنے سے بہتر ہے کہ اولاد گود لے لی جائے جس سے انسانی زندگی کا بھی بھلا ہو۔

مزید خبریں :