02 مارچ ، 2024
راولپنڈی میں تیز بارش کے باعث پی ایس ایل 9 میں لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کا میچ ختم کردیا گیا اور دونوں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔
وقفے وقفے سے بارش کے باعث پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان ہونے والے میچ کا ٹاس مؤخر کر دیا گیا تھا اور بارش کے باعث دونوں ٹیمیں بھی مقررہ وقت سے دو ڈھائی گھنٹے بعد اسٹیڈیم پہنچی تھیں۔
بارش رکنے کے بعد آؤٹ فیلڈ سے کور ہٹا دیے گئے تھے تاہم جس کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ میچ جلد شروع ہو جائے گا تاہم ایک بار پھر راولپنڈی میں تیز بارش شروع ہوگئی جس کے باعث اسٹاف نے گراؤنڈ اور وکٹ کو کور سے ڈھانپ دیا۔
ٹیموں کو اس سے قبل دن 12 بجے اسٹیڈیم پہنچنا تھا تاہم خراب موسم کے پیش نظر ٹیموں کی اسٹیڈیم آمد مؤخر کر دی گئی تھی۔
بعد ازاں پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کا میچ ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا،مسلسل بارش اور خراب آؤٹ فیلڈ کی وجہ سے ٹاس بھی نہ ہوسکا۔
دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ کے امکانات بھی معدوم ہوگئے ہیں کیونکہ راولپنڈی اسٹیڈیم میں مسلسل بارش کی وجہ سے پانی کھڑا ہوگیا ہے اور بارش کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔