Time 03 مارچ ، 2024
پاکستان

اے این پی کا صدارتی انتخابات میں زرداری کی حمایت کا اعلان، پارٹی ترجمان لاعلم

اعلامیے کے مطابق اے این پی صدارتی انتخابات میں آصف علی زرداری کی حمایت کرے گی__فوٹو: سوشل میڈیا
اعلامیے کے مطابق اے این پی صدارتی انتخابات میں آصف علی زرداری کی حمایت کرے گی__فوٹو: سوشل میڈیا

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے صدارتی انتخابات میں آصف علی زرداری کی حمایت کا اعلان کر دیا۔

پیپلز پارٹی کے وفد نے چار سدہ کے باچا خان مرکز میں عوامی نیشنل پارٹی کی قیادت سے ملاقات کی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، پیپلز پارٹی کے وفد میں شیریں رحمان، ندیم افضل چن اور نیئربخاری شامل تھے۔

اےاین پی کی سینئر قیادت کے علاوہ سینیٹر ہدایت اللہ خان اور سینیٹر ارباب عمرفاروق کاسی بھی ملاقات میں موجود تھے۔

باچا خان مرکز کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ پی پی وفد نے اے این پی سے صدارتی انتخاب میں آصف زرداری کے لیے حمایت کی درخواست کی تاہم اے این پی نے پارلیمانی سیاست میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

 بعد ازاں آصف علی زرداری کی قیادت میں وفد نے صدر اے این پی خیبرپختونخوا ایمل ولی سے ملاقات کی جس کا اعلامیہ پیپلزپارٹی کی جانب سے جاری کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ اے این پی صدارتی انتخابات میں آصف علی زرداری کی حمایت کرے گی۔

تاہم ترجمان اے این پی زاہد خان پارٹی کے اس فیصلے سے لاعلم نکلے اور انہوں نے کہا کہ اسفند یار ولی نے پارلیمانی انتخابات کا حصہ نہ بننے کا اعلان کیا تھا۔ 

زاہد خان کے مطابق پہلا بیان پارٹی کے مرکزی صدر کا تھا، اب آصف زرداری سے ملاقات صوبائی صدر نے کی، یہ پارٹی کے مرکزی اور صوبائی صدر کا معاملہ ہے جسے دونوں نے خود حل کرنا ہے۔

مزید خبریں :