ویڈیو: امبانی نے بالی وڈ خانز کو برسوں بعد اسٹیج پر اکٹھا کر دیا

بھارت کے ارب پتی تاجر مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی سے قبل ہونے والی تقریب میں بالی وڈ کے کنگ شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان کی ایک ساتھ اسٹیج پرفارمنس نے چار چاند لگا دیے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یکم سے 3 مارچ تک گجرات کے شہر جام نگر میں آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی سے پہلے کی شاندار تقریبات کا انعقاد ہورہا ہے جس میں دنیا کی مشہور اور امیر ترین شخصیات کو مدعو کیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان تقریبات کے لیے بھارت سمیت دنیا بھر سے 1000 مہمانوں کو مدعو کیا گیا جس میں بل گیٹس اور میلنڈا گیٹس سمیت بالی وڈ کی کئی اہم شخصیات شرکت کررہی ہیں۔

 آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی سے قبل ہونے والی تقریب میں شرکا نے وہ منظر دیکھا جس کو یکھنے کے لیے شاید مداحوں کی آنکھیں ترس گئی تھیں۔

جی ہاں ، بالی وڈ کے 3 خانز  عامر خان، سلمان خان، اور شاہ رخ خان جو ایک ساتھ کم ہی دکھائی دیتے ہیں انہیں مکیش امبانی نے نہ صرف برسوں بعد اسٹیج پر اکھٹا کردیا بلکہ ان سے ڈانس پرفارمنس بھی کرادی۔

فوٹو: بھارتی میڈیا
فوٹو: بھارتی میڈیا

عامر خان، سلمان خان، اور شاہ رخ خان نے  تقریب کے دوسرے دن آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی سے قبل ہونے والے گالا میں اسٹیج پر ایک دوسرے کو گلے لگایا اور  ڈانس کیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ تینوں خانز نے  ساؤتھ انڈین کی سپر ہٹ فلم 'آر آر آر 'کے مشہور گانے ناٹو ناٹو پر پرفارم کیا۔البتہ تینوں کو گانے کے اسٹیپ اچھے طریقے سے کرنے نہ آئے تو انہوں نےاس گانے پر اپنے اسٹیپ کیے۔

اس کے علاوہ تنیوں خانز نے اپنے اپنے گانوں پر بھی ڈانس کیا۔جبکہ دیگر بالی وڈ اداکاروں نے بھی پرفارمنس دی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل تینوں خانز کو 2014 میں بھارتی ٹی وی شو آپ کی عدالت کے 21 سال مکمل ہونے کی خوشی میں منعقدہ تقریب میں اسٹیج پر ایک ساتھ دیکھا گیا تھا۔

امبانی خاندان کی ہونے والی چھوٹی بہو کون ہیں؟

آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی 19 جنوری 2023 کو ممبئی میں منگنی ہوئی جبکہ جوڑا رواں سال 12 جولائی کو ممبئی میں شادی کے بندھن میں بندھ جائے گا۔

آننت امبانی کی منگیتر رادھیکا مرچنٹ معروف بھارتی بزنس مین ویرن مرچنٹ کی بیٹی ہیں،انہوں نے نیویارک یونیورسٹی سے سیاست اور معاشیات کی تعلیم حاصل کی ہے۔

اطلاعات کے مطابق 25 سالہ رادھیکا مرچنٹ فی الحال والد کی کمپنی Encore Healthcare میں بطور ڈائریکٹر خدمات انجام دے رہی ہیں۔

مزید خبریں :