03 مارچ ، 2024
شکاگو: برازیل کے معروف سابق جیو جِٹسو کھلاڑی اور مکس مارشل آرٹس کے لیجنڈ روئس گریسی نے اسلام قبول کرلیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق مکس مارشل آرٹس لیجنڈ اور یو ایف سی چیمپئن شپ کے پہلے فاتح روئس گریسی نے معروف امریکی آن لائن پروگرام ' The Deen Show' میں کیمرے کے سامنے اسلام قبول کیا اور کلمہ طیبہ پڑھا۔
خیال رہےکہ روئس گریسی کے اسلام قبول کرنے کی خبر ایسے وقت سامنے آئی ہے جب سوشل میڈیا پر انہیں اسرائیل کی حمایت کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا۔
19 فروری کو انسٹا گرام پوسٹ میں روئس گریسی نے اسرائیل کا جھنڈا لگاتے ہوئے پیغام شیئر کیا تھا جس میں انہوں نے 7 اکتوبر کے بعد سے جاری صورتحال میں اسرائیل کی واضح حمایت کی تھی اور اسرائیل میں رہنے والوں سے ہمدردی کا اظہار کیا تھا، تاہم اس موقع پر انہوں نے مظلوم فلسطینیوں سے ہمدردی کا ایک لفظ بھی نہیں کہا تھا۔
اس پوسٹ کے بعد انہیں شدید تنقیدکا سامنا کرنا پڑا اور ان کے مداحوں نے جانبداری برتنے اور قابض اسرائیل کی حمایت پر افسوس کا اظہار کیا۔
رپورٹ کے مطابق ' The Deen Show' کے میزبان ایڈی ریڈزووِک کے کزن ادریز ریڈزووِک نے روئس گریسی کی شکاگو میں واقع دین سینٹر میں ملاقات کا اہتمام کیا جس میں معروف اسلامی مبلغ شیخ عثمان بن فاروق بھی موجود تھے۔
3 مرتبہ کے یو ایف سی چیمپئن روئس گریسی دوسری طرف یعنی فلسطینیوں کا موقف جاننے اور سمجھنے کے لیے ایڈی ریڈزووِک کے شو میں پہنچے جہاں ان کا ایڈی ریڈزووِک اور شیخ عثمان بن فاروق سے مکالمہ ہوا جس کے بعد وہ اسلام کی حقانیت کے قائل ہوگئے اورکلمہ پڑھ کر مسلمان ہوگئے۔
دوران شو روئس گریسی نے اسلام سے متعلق اپنے خیالات اور غزہ میں جاری نسل کشی پر بھی بات کی اور مکہ مکرمہ جانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں شراب نوشی نہیں کرتا، سور بھی نہیں کھاتا، یہ چیزیں مجھے اسلامی تعلیمات کے قریب کرتی ہیں۔