این ڈی ایم اے نے آج سے ملک بھر میں شدید بارشوں کے ایک اور اسپیل کی وارننگ جاری کردی

بلوچستان، خیبرپختونخوا اور مری میں برفباری، سندھ اور پنجاب کے کئی علاقوں میں بارشوں کے بعد سردی کی نئی لہر کا آغاز، لینڈ سلائیڈنگ اہم شاہراہیں اور رابطہ سڑکیں بندہو گئیں— فوٹو: فائل
بلوچستان، خیبرپختونخوا اور مری میں برفباری، سندھ اور پنجاب کے کئی علاقوں میں بارشوں کے بعد سردی کی نئی لہر کا آغاز، لینڈ سلائیڈنگ اہم شاہراہیں اور رابطہ سڑکیں بندہو گئیں— فوٹو: فائل

ملک بھر میں بارشوں اور برفباری کے بعد سردی کی نئی لہر شروع ہو گئی ہے جبکہ شدید بارش اور برفباری کے بعد لینڈ سلائیڈنگ سے کئی اہم شاہراہیں اور رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں ہیں۔

پاک پتن اور قصور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارش اور ژالہ باری ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ کراچی میں یخ بستہ ہواؤں نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیا ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آج سے 7 مارچ تک ملک میں شدید بارشوں کے ایک اور اسپیل کی وارننگ جاری کردی ہے۔

ادھر خیبر، سوات، پارا چنار اور ضلع کرم سمیت مختلف علاقوں میں گزشتہ 4 روز سے وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے، دیر بالا میں شدید برفباری کے باعث 5 روزہ انسداد پولیو مہم ملتوی کردی گئی ہے۔

بارش اور برفباری کے بعد مالم جبہ، کالام، اوشو اور گبرال جانے والے والی سڑکیں بند ہو گئی ہیں اور مری میں بھی 2 روز سے جاری بارش کے بعد برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

بلوچستان کے علاقے کان مہترزئی پر ایم 50 شاہراہ کو ٹریفک کیلئے بحال کردیا گیا ہے جبکہ کوہ سلیمان رینج میں دھاناسر کے مقام پر روڈ کلئیرنس آپریشن مکمل ہونے کے بعد خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے درمیان بھی ٹریفک بحال کردیا گیا ہے۔

چلاس اور کوہستان میں بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند شاہراہِ قراقرم کی بحالی کا کام جاری ہے۔

مزید خبریں :