اسلام آباد ہائیکورٹ: ایکس بندش کیخلاف درخواست پر پی ٹی اے اور وزارت اطلاعات کو نوٹس جاری

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامرفاروق نے ایکس کی بندش کے خلاف درخواست پرسماعت کی— فوٹو: فائل
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامرفاروق نے ایکس کی بندش کے خلاف درخواست پرسماعت کی— فوٹو: فائل

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس کی بندش کے خلاف درخواست پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور وزارتِ اطلاعات کو نوٹس جاری کردیے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامرفاروق نے ایکس کی بندش کے خلاف درخواست پرسماعت کی۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے سوال کیا کہ کیا ایکس بند ہے؟ اس پر درخوست گزار کے وکیل نے جواب دیا کہ 17 فروری سے ایکس بند ہے۔

جسٹس عامر فاروق نے درخواست گزار کے وکیل سے سوال کیا کہ سندھ ہائیکورٹ میں بھی یہ معاملہ تھا، اس پر کیا ہوا؟  وکیل نے جواب دیا کہ سندھ ہائیکورٹ میں آج توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہونی ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے آئندہ ہفتے کے لیے پی ٹی اے اور وزارت اطلاعات کو نوٹس جاری کردیے۔

خیال رہے کہ ملک میں 17 فروری سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس تک رسائی بند ہے،  سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی بندش سے صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے جب کہ ایکس کے بیشتر صارفین وی پی این کے ذریعے سوشل میڈیا ایپ استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔

مزید خبریں :