امبانی کے بیٹے کی شادی کی تقریبات میں پرفارم کرنے والے فنکار کتنا معاوضہ لیتے ہیں؟

آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی کی تقریبات میں دنیا بھر سے آئے فنکاروں نے پرفارم کیا اور مشہور شخصیات نے شرکت کی— فوٹو فائل
آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی کی تقریبات میں دنیا بھر سے آئے فنکاروں نے پرفارم کیا اور مشہور شخصیات نے شرکت کی— فوٹو فائل

بھارت کے امیر ترین شخص مکیش امبانی کے بیٹے کی شادی پر تعیش تقاریب اور معروف شخصیات کی شرکت کے باعث دنیا بھر میں توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

گزشتہ روز آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی سے قبل کی تین روزہ تقریبات (پری ویڈنگ سیلیبریشن) کا اختتام ہوا۔ بھارتی شہر جام نگر میں ہونے والی تقریبات میں بھارت اور دنیا بھر کے معروف ترین فنکاروں اور گلوکاروں نے شرکت کی اور پرفارم بھی کیا۔

ان تقریبات کا تو اختتام ہوگیا ہے لیکن اس کے حوالے سے یہ بحث اب بھی جاری ہے اس جشن میں پرفارم کرنے والے فنکاروں نے آخر کتنا معاوضہ لیا ہوگا؟

اس سلسلے میں بھارتی ویب سائٹ نے شادی کی تقریبات میں پرفارم کرنے والے فنکاروں کے معاوضے کے بارے میں معلومات دی ہیں۔

ریحانہ دنیا میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی گلوکارہ سمجھی جاتی ہیں۔ ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ عام طور پر ایک نجی فنکشن کے لیے 15 سے 80 لاکھ ڈالرز کے درمیان معاوضہ لیتی ہیں۔ آننت امبانی کی شادی کی تقریبات میں ریحانہ نے بھی اپنے فن کا جادو جگایا۔ انڈیا ٹوڈے کی پورٹ کے مطابق اپنی پرفارمنس کے لیے ریانا نے 80 سے 90 لاکھ ڈالرز (دو سے ڈھائی ارب پاکستانی روپے) کا معاوضہ لیا۔

گزشتہ برس عالمی میوزک فیسٹیول کوچیلا میں پرفارم کرنے والے پہلے پنجابی فنکار کے طور پر معروف ہونے والے دلجیت دوسانجھ نے بھی آننت امبانی اور رادھیکا مرجنٹ کی شادی کی تقریبات میں پرفارم کیا۔ ڈی این اے انڈیا کے مطابق دلجیت دوسانجھ کسی نجی فنکشن میں پرفارم کرنے کے لیے 4 کروڑ بھارتی روپے (تقریباً 13 کروڑ پاکستانی روپے) کا معاوضہ لیتے ہیں۔

ہالی وڈ کے معروف گلوکار ایکون بھارت میں کوئی اجنبی نہیں ہیں۔ انہوں نے 2011 میں ریلیز ہونے والی شاہ رخ خان کی فلم راون کا مشہور گانا ’چھمک چھلو‘ گایا تھا جو کافی مقبول ہوا۔ امبانی کے بیٹے کی شادی کی تقریبات میں ایکون بھی اسٹیج پر جادو جگاتے نظر آئے۔ سیلیبریٹی ٹینلٹ نیٹ کے مطابق ایکون کسی نجی فنکشن میں پرفارم کرنے کے لیے تقریباً 3 سے 5 لاکھ ڈالر (تقریباً 8 سے 14 کروڑ پاکستانی روپے) معاوضہ لیتے ہیں۔

آننت امبانی کی شادی کے حوالے سے ہونے والے اس تقریب میں معروف گلوکار ارجیت سنگھ نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ بھارتی میوزک انڈسٹری میں وہ سب سے زیادہ پیسے لینے والے فنکاروں میں شمار ہوتے ہیں۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ارجیت سنگھ شادی یا کسی نجی محفل میں پرفارم کرنے کے پانچ کروڑ بھارتی روپے (تقریباً 16 کروڑ پاکستانی روپے) معاوضہ لیتے ہیں۔

آننت امبانی کی شادی کی تقریبات کی وائرل ہونے والی ویڈیوز میں سے ایک شریا گوشال اور ارجیت سنگھ کی پرفارمنس کی ویڈیو بھی تھی۔ اگرچہ اس بارے میں معلومات دستیاب نہیں کہ شریا گوشال کسی نجی فنکشن میں پرفارم کرنے کا کیا معاوضہ لیتی ہیں تاہم ڈی این اے انڈیا کے مطابق وہ ایک گانا گانے کا 25 لاکھ بھارتی روپے (تقریباً 84 لاکھ پاکستانی روپے) معاوضہ وصول کرتی ہیں۔

مزید خبریں :