پی ایس ایل نے نوجوان کرکٹرز کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا: ویوین رچرڈز

فوٹو: جیو نیوز
فوٹو: جیو نیوز

سابق ویسٹ انڈین لیجنڈ اور پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مینٹور سر ویوین رچرڈز کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ ہر سال پہلے سے بہتر ہورہی ہے، اس میں دنیا کے کوالٹی پلیئرز شریک ہوتے ہیں۔

جیو نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے ویوین رچرڈز کا کہنا تھا کہ  پاکستان میں کرکٹ کا بے پناہ اور ناقابل یقین ٹیلنٹ موجود ہے، پی ایس ایل کا ہونا ان پلیئرز کو بہت بڑا موقع فراہم کرتا ہے اور کامیابی پر نوجوان پلیئرز کو دنیا بھر میں موقع ملتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل نے نوجوان کرکٹرز کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے،  کرکٹ میں کامیابی کی بنیاد محنت ہے، ناکامی سے نکل کر دوبارہ پرفارم کرنے میں محنت ہی مدد کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ کا نوجوان بیٹر خواجہ نافع نڈر ہوکر اپنی کرکٹ کھیلتا ہے،  اس عمر میں خواجہ نافع کا ٹیلنٹ دیکھ کر محسوس ہوتا ہے وہ بہت آگے جائے گا۔

اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ سرفراز احمد جو کرتا ہے اس سے جذباتی وابستہ ہوجاتا ہے، میں اس کا ہمیشہ سے فین ہوں، وہ ٹیم میں کافی مثبت کردار ادا کرتا ہے، اس کا ساتھ ہونا مفید رہتا ہے، وہ کپتان ہو یا نہیں اس کا کردار اہم ہے۔

سر ویوین رچرڈز نے مزید کہا کہ بابر اعظم خود ایک کلاس بیٹر ہے، وہ دیگر بیٹرز کی طرح جارح نہیں لیکن پھر بھی اپنا کام پورا کرتا ہے،  بابر نہ صرف پاکستان بلکہ ورلڈ کرکٹ کا ایک شاندار کھلاڑی ہے، ہر بیٹر کے کھیلنے کا اپنا اسٹائل ہوتا ہے، بابر کا کھیل دیکھ کر اس کی تعریف بنتی ہے۔

ویوین رچرڈز نے کہا کہ  مجھے پاکستان سے محبت ہے لیکن لگتا ہے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز کا زیادہ چانس ہے، ٹی 20 فارمیٹ میں ویسٹ انڈیز کے پاس بے پناہ ٹیلنٹ ہے، ویسٹ انڈیز کی آسٹریلیا میں ٹیسٹ فتح دیکھ کر مجھے اپنا زمانہ یاد آگیا تھا، اگر آپ ٹیسٹ کرکٹ میں پکے ہوجاتے ہیں تو باقی فارمیٹ آسان لگتے ہیں۔

مزید خبریں :