07 مارچ ، 2024
پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کے نوجوان بیٹر صائم ایوب کا کہنا پے کہ لیگ کرکٹ ہوتی انٹرٹینگ ہے، پی ایس ایل میں ہمیشہ مزہ آتا ہے، زلمی کے ماحول کو انجوائے کررہا ہوں۔
جیو نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے صائم ایوب نے کہا کہ ہمیشہ بولنگ کا خواہشمند تھا، آج کل کی کرکٹ میں آل راؤنڈر مفید ہوتے ہیں، نیٹس پر دو تین سال سے بولنگ کر رہا تھا، موقع اب ملا ہے، جو بھی ذمہ داری ملتی اس کو 100 فیصد نبھانے کی کوشش کرتا ہوں۔
صائم ایوب نے کہا کہ بولنگ میں میرے پاس کھونے کو کچھ نہیں اس لیے کھل کر بولنگ کرتا ہوں، اسلام آباد کے خلاف پہلی گیند پر وکٹ کی توقع نہیں کر رہا رہا تھا، بار بار ایسی گیند نہیں ہوتی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاوور پلے بیٹنگ کا تجربہ بولنگ کے وقت پلان بنانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے ، بیٹر سے اندازہ لگا لیتے کہ وہ کیسے کھیلنے والا ہے،پاوور پلے میں بولنگ کرانا بہت چیلنجنگ ہے،جب پہلی مرتبہ نئے گیند سے بال کر رہا تھا تو ڈر لگ رہا تھا لیکن جب پہلا اوور اچھا نکلا تو ڈر نکلا اور اعتماد ملا، مجھے یوں نیا گیند دینا زلمی کا بہادرانہ فیصلہ تھا۔
صائم ایوب نے کہا کہ میرا فوکس بولنگ نہیں، بیٹنگ ہی میری ترجیح ہے، جہاں موقع ملے گا وہاں بولنگ سے بھی کردار ادا کروں گا، بابر اعظم سے بہت رہنمائی ملتی ہے، کبھی کبھار بابر جو منع کردیتے ہیں میں وہ بھی کردیتا ہوں، وہ کہتے ہیں کہ رک جاؤ تو میں شاٹ کھیل دیتا اور کبھی وہ شاٹ کا کہتے تو رک جاتا ہوں۔
ان کاکہنا تھا کہ بابر اعظم کے ساتھ اوپننگ کرکے مزہ آتا ہے، وہ اکثر پہلے بتا دیتے کہ بولر کیا کرنے والا ہے جس کا فائدہ ہوتا ہے ، بطور کپتان بابر اعظم مجھے کھل کر کھیلنے میں کافی اعتماد دیتے ہیں۔
صائم ایوب نے کہا کہ پہلی کوشش ٹی ٹوئنٹی میں سنچری تک پہنچنے کی ہے،100، 150 اسکور ہوسکتا اور 200 ہوجائے تو کیا ہی بات ہے،اہم بات اس طریقہ پر فوکس رکھنا ہے جس سے بڑا اسکور ہوسکتا ہے۔