10 مارچ ، 2024
لاہور میں انتخابات میں مبینہ دھاندلی کیخلاف ریلی کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے رہنما لطیف کھوسہ، سلمان اکرم راجہ اور رکن پنجاب اسمبلی حافظ فرحت عباس کو گرفتار کر لیا گیا۔
تحریک انصاف کی کال پر ملک کے مختلف شہروں میں کارکنوں نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کیا، مظاہرین نے احتجاجی ریلیاں نکالیں اور انتخابی نتائج کو مسترد کرنے کا اعلان کیا۔
لاہور میں مبینہ دھاندلی کے خلاف ریلی کے دوران پی ٹی آئی کے رہنما لطیف کھوسہ، سلمان اکرم راجہ اور رکن پنجاب اسمبلی حافظ فرحت عباس کو پولیس نے گرفتار کیا۔
شہباز کھوسہ نے دعویٰ کیا ہے کہ پرامن احتجاج کے دوران والد لطیف کھوسہ کو پولیس نے حراست میں لے لیا، والد کو گرفتار کرنے کے بعد پولیس کہاں لے کر گئی کچھ معلوم نہیں ہے۔
اس کے علاوہ ایم پی اے میاں ہارون اکبرکوبھی حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ میاں محمود الرشید کے بیٹے کو شادمان میں ریلی سے حراست میں لیا گیا۔
دوسری جانب ملتان میں پاکستان تحریک انصاف کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر سینیئر سیاست دان جاوید ہاشمی کے داماد اور نواسے کو مخدوم رشید کے علاقہ سے گرفتار کر لیا گیا۔